احتساب عدالت کا شہباز شریف اور حمزہ شہباز کو بلٹ پروف گاڑی فراہم کرنے کا حکم

لاہور کی احتساب عدالت کے ایڈمن جج جواد الحسن نے اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی شہباز شریف اور اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز کو بکتر بند گاڑی میں عدالت لانے سے منع کر تے ہوئے انہیں بلٹ پروف گاڑی فراہم کرنے کا حکم دے دیا۔

عدالت نے شہباز شریف کی درخواست پر سماعت کی جس سلسلے میں عدالتی حکم پر سیکرٹری داخلہ اور ایس پی سکیورٹی عدالت میں پیش ہوئے۔ عدالت نے شہباز شریف کی درخواست پر فیصلہ سناتے ہوئے پولیس حکام کو انہیں بکتر بند گاڑی میں عدالت میں پیش کرنے سے روک دیا اور بلٹ پروف گاڑی بھی فراہم کرنے کا حکم دیا۔

یاد رہےکہ پولیس حکام نے شہباز شریف کو بکتر بند گاڑی میں عدالت میں پیش کیا تھا جس پر (ن) لیگ نے تحفظات کا اظہار کیا تھا جب کہ شہباز شریف نے بھی اس پر عدالت میں درخواست دائر کی تھی۔

درخواست میں شہباز شریف کی جانب سے مؤقف اختیار کیا گیا کہ کمر درد میں مبتلا ہوں لیکن سیاسی انتقام کا نشانہ بناتے ہوئے بکتر بند گاڑی میں لایا جا رہا ہے، گاڑی کی حالت بھی درست نہیں، اس وجہ سے کمر درد میں اضافہ ہو رہا ہے، استدعا ہے کہ عدالت بکتر بند گاڑی میں لانے سے روکنے کا حکم دے۔

اس کے علاوہ حمزہ شہباز بھی رمضان شوگر ملز کیس کی ایک پیشی کے موقع پر عدالت پیش نہیں ہوئے تھے اور بعد میں عدالت کو آگاہ کیا کہ ان کی کمر کا مسئلہ ہے اور وہ بکتر بند گاڑی میں نہیں بیٹھ سکتے۔

The post احتساب عدالت کا شہباز شریف اور حمزہ شہباز کو بلٹ پروف گاڑی فراہم کرنے کا حکم appeared first on Siasat.pk Urdu News – Latest Pakistani News around the clock.

%d bloggers like this: