اسمبلیوں سے فی الحال استعفے نہیں دے رہے شاہد خاقان عباسی بھی پیچھے ہٹ گئے

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ ن کے سینئر نائب صدر شاہد خاقان عباسی نے نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ کے پلیٹ فارم سے جو بھی فیصلے کیے جائیں گے تمام ارکان جماعتیں اس پر عملدرآمد کی پابند ہوگی۔
انہوں نے پی ڈی ایم کے استعفوں سے متعلق کہا کہ استعفے ابھی نہیں دیئے جا رہے۔ ان کا فیصلہ مشاورت سے کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ استعفوں سمیت تمام آپشن موجود ہیں مگر یہ تمام فیصلے مشاورت سے کیے جاتے ہیں۔انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا

کہ ڈائیلاگ جیسی کوئی بات نہیں، ڈائیلاگ وہاں ہوتا ہے جہاں کچھ حاصل ہو، ملک میں نئے انتخابات کی ضرورت ہے اس کے بغیر ملک آگے نہیں بڑھ سکتا۔میزبان نے ان سے لندن کے دورے کے دوران نواز شریف سے ملاقات کا پوچھا جس کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ان کی نواز شریف سے ملاقات نہیں ہوئی، بات ہوئی تھی مگر اس کے دوران بھی صرف ان کی والدہ کے انتقال پر تعزیت کی اور کچھ نہیں۔نواز شریف کی وطن واپسی سے متعلق انہوں نے کہا کہ واپسی کا معاملہ صحت سے مشروط ہے، باقی سیاسی معاملات میں نواز شریف جو موقف رکھتے ہیں اس کا اظہار ہر پی ڈی ایم میٹنگ میں کیا جاتا ہے۔یاد رہے کہ سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی چند روز قبل نجی دورے پر امریکہ گئے تھے ۔ واپسی پر وہ لندن بھی رکے تھے ۔

Leave a Reply

%d bloggers like this: