انکوائری رپورٹ منظرعام پر:اسامہ ستی کا قتل ٹارگٹ کلنگ قرار

اسامہ ستی کو فائرنگ کر کے قتل کرنے کی تحقیقات کیلئے قائم جوڈیشل انکوائری کمیشن کی رپورٹ مکمل کر لی گئی۔ کمیشن نے اسامہ ستی کا قتل ٹارگٹ کلنگ قرار دے دیا ہے ۔

اسامہ ستی کے قتل سے متعلق جوڈیشل انکوائری رپورٹ میں ملزمان کے خلاف انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت مقدمہ چلانے کی سفارش کی گئی ہے۔

خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق اسلام آباد میں کاؤنٹر ٹیرراز م فورس کے ہاتھوں قتل ہونے والے نوجوان اسامہ ستی کیس کی جوڈیشل انکوائری وزارت داخلہ میں جمع کروادی گئی ہے، رپورٹ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر رانا محمد وقاص نے تیار کی ہے۔

رپورٹ کے مطابق نوجوان کے قتل پر عوام کی جانب سے شدید ردعمل سامنے آیا ہے، واقعے میں متعلقہ ایس پی اور ڈی ایس پی کی جانب سے غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کیا گیا ، ملزمان کے خلاف انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت کارروائی ہونی چاہیے۔

رپورٹ میں پولیس کے نظام سے متعلق بھی متعدد تجاویز پیش کی گئیں اور کہا گیا کہ اے ٹی ایس کمانڈوز کی تعیناتی کیلئے ماہر نفسیات کی رائے لی جانی چاہیے اور کمانڈوز کی کارکردگی کو مدنظر رکھا جانا چاہیے، ان کمانڈوز کی خدمات کیلئے کم از کم ایس پی کی منظوری ضروری ہونی چاہیے اور انہیں دیگر فورسز کے ساتھ کام کرنے کی اجازت بھی نہیں ہونی چاہیے۔

رپورٹ میں آئی جی پنجاب کیلئے بھی سفارشات شامل کی گئیں اور کہا گیا ہے کہ آئی جی پولیس کے نظام کی بہتری کیلئے اقدامات کریں، پولیس کی مانیٹرنگ کا نظام کافی کمزور ہے، وائرلیس کا ریکارڈ اہم مواد ہوتا ہے ، واقعے کے بعد سینئر افسران کو صورتحال کو کنٹرول کرنے کیلئے اقدامات کرنے چاہیے تھے۔

رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ اڑیوں کے کالے شیشوں کے جاری پرمٹ فوری منسوخ کئے جائیں ۔
واضح رہے کہ اسلام آباد کے سیکٹرجی10 میں 2 جنوری کو اینٹی ٹیررازم اسکواڈ کے اہلکاروں کی فائرنگ سے نوجوان اسامہ ندیم جاں بحق ہوگیا تھا ، نوجوان کو موت کی نیند سلانے والے پانچوں اہلکارحراست میں ہیں اور واقعے کی ایف آئی آر تھانہ رمنا میں درج ہے۔

اسامہ ستی کے والد ندیم ستی نے درخواست تھانہ رمنا میں جمع کروائی جس میں موقف اختیار کیا گیاہے کہ انہی پولیس اہلکاروں کا ایک روز قبل میرے بیٹے کے ساتھ جھگڑا بھی ہوا تھا، اہلکاروں نے میرے بیٹے کو دھمکی دی تھی کہ تمہیں سبق چکھائیں گے۔

The post انکوائری رپورٹ منظرعام پر:اسامہ ستی کا قتل ٹارگٹ کلنگ قرار appeared first on Siasat.pk Urdu News – Latest Pakistani News around the clock.

%d bloggers like this: