اپوزیشن جلسہ کر کے عوام کی جانوں کو خطرے میں ڈالنے کےسوا کچھ نہیں کرے گی،اسد عمر

وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے کہا کہ اپوزیشن کی جانب سے پشاور میں جلسے کا اعلان کیا گیا ہے یہاں جلسہ کرکے وہ سر پر منڈلاتے کورونا کے خطرے کے باعث عوام کی جانیں مشکل میں ڈالیں گے اس سے زیادہ کچھ نہیں ہوگا۔

اسدعمر نے مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر ٹوئٹ کی جس میں کہا کہ پشاور عمران خان کا شہر ہے، 2013 کے عام انتخابات میں تحریک انصاف نے پشاور کی 4 میں سے 4 اور 2018 میں 5 میں سے 5 نشستیں اپنے نام کیں۔

انہوں نے مزید لکھا کہ انشاءاللہ اگلے الیکشن میں بھی یہی ہونا ہے۔ اپوزیشن جلسہ کرکے عوام کی صحت اور روزگار خطرے میں ڈالنے کے علاوہ کچھ حاصل نہیں کرے گی وفاقی وزیر نے اس خیال کا بھی اظہار کیا کہ وہ شاید پشاور کے عوام سے بدلہ لینا چاہتے ہیں۔

وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے کہا کہ پشاور میں کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کی شرح 13 اعشاریہ 39 فیصد ہوگئی ہے ، مسلم لیگ نواز کی حکومت نے آزاد کشمیر میں 2 ہفتوں کے لئے مکمل لاک ڈاؤن اعلان کر دیا ہے، پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت نے کراچی کے 4 اضلاع میں اسمارٹ لاک ڈاؤن کر دیا لیکن دونوں جماعتوں کا اصرار ہے کہ پشاور جلسہ ضرور ہو گا۔ دوغلے پن کی اس سے واضح مثال نہیں مل سکتی۔

یاد رہے کہ اپوزیشن اتحاد پی ڈی ایم نے 22 نومبر کو پشاور میں جلسے کا اعلان کر رکھا ہے جب کہ پشاور کی ضلعی انتظامیہ نے کورونا وبا کے پیش نظر شہر میں‌ جلسے کی اجازت دینے سے انکار کر دیا ہے۔ اس حوالے سے پی ڈی ایم کے ترجمان نے حکومتی فیصلہ مسترد کرتے ہوئے اعلان کیا تھا کہ اپوزیشن ہر حال میں جلسہ کرے گی اور اس شیڈول میں تبدیلی نہیں کی جائے گی۔

The post اپوزیشن جلسہ کر کے عوام کی جانوں کو خطرے میں ڈالنے کےسوا کچھ نہیں کرے گی،اسد عمر appeared first on Siasat.pk Urdu News – Latest Pakistani News around the clock.

%d bloggers like this: