ایف بی آر اور کسٹمز کی کاروائیاں، 7 ماہ میں 35 ارب کی اسمگل شدہ اشیاء ضبط

فیڈرل بورڈ آ ف ریونیو (ایف بی آر) نے ملک میں اسمگلنگ کو جڑ سے ختم کرنے کیلئے گزشتہ 7 ماہ کے دوران 35 ارب کی اسمگل شدہ اشیاء اپنے قبضے میں لے لی ہیں۔

خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ایف بی آر کی جانب سے ایک اعلامیہ جاری کیا گیا ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ کیسے وزیراعظم عمران خان کے اسمگلنگ سے پاک پاکستان کے وژن پر کام کرتے ہوئے ایف بی آر اور کسٹمز کے اقدامات کے حوصلہ افزاء نتائج سامنے آرہے ہیں۔

اعلامیہ کے مطابق حالیہ مالی سال جولائی سے جنوری میں گزشتہ سال کی نسبت اسمگل شدہ اشیاء کو ضبط کرنے کی شرح میں 59 فیصد اضافہ ہوا ہے، گزشتہ مالی سال کے اس عرصے میں صرف 22 ارب روپے کی اسمگل شدہ اشیاء قبضے میں لی گئی تھیں۔

رپورٹ کے مطابق رواں مالی سال کے ابتدائی 7 ماہ میں جتنی مالیت کی اسمگلنگ روکی گئی اور اسمگل شدہ اشیاء ضبط کی گئیں گزشتہ برس یہ36 ارب کی مالیت پورے 12 مہینوں میں حاصل کی گئی تھی ۔

ایف بی آر کی جانب سے جاری کی گئی تفصیلات کے مطابق ضبط ہونے والی اشیاء میں سب سے زیادہ مالیت اسمگل ہوکر آنے والی گاڑیوں کی 11.3 ارب رہی جن پر کسٹمز کی ادائیگی نہیں کی گئی، اس کے بعد 3.4 ارب روپے کی چھالیہ ضبط کی گئی۔

ایف بی آر کے مطابق1.9 ارب روپے کا کپڑا،899 ملین کا ڈیزل،،553 ملین کے سگریٹ،492 ملین کے آٹو پارٹس، 380 ملین کی الیکٹرانک اشیاء اور271 ملین کے جواہرات اور زیورات بھی 7 ماہ کے عرصے میں ضبط کیے گئے ہیں۔

ایف بی آر کے اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ اس سال بھاری مقدار میں شراب، قیمتی پرندے جیسے عقاب، باز اور منشیات میں استعمال ہونے والے میٹریل بھی ضبط کیے گئے ہیں، ایف بی آر اور کسٹمز کی جانب سے اسمگلنگ کی روک تھام کیلئے کی جانے والی کارروائیوں کی تعریف بین الاقوامی ادارے بھی کررہے ہیں۔

The post ایف بی آر اور کسٹمز کی کاروائیاں، 7 ماہ میں 35 ارب کی اسمگل شدہ اشیاء ضبط appeared first on Siasat.pk Urdu News – Latest Pakistani News around the clock.

%d bloggers like this: