این اے 75کیس ،الیکشن کمیشن کے فیصلے نے ووٹ چوروں کو ننگا کردیا

مریدکے(آن لائن)چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن پاکستان کے این اے 75 میں ری پولنگ کرنے کے فیصلے نے ووٹ چوروں کو ننگا کردیا، فیصلے کے آفٹر شاکس سینٹ الیکشن میں بھی حکومت کے جھوٹ کی عمارت کو ملیامیٹ کر دیں گے۔ ‘آ ن لائن’سے خصوصی بات کرتے ہوئے سینئرپارلیمنٹرین رانا تنویر حسین نے کہا کہ عمران خان اور اس کے مشیران نے جھوٹ کے ذریعے ملک کے اہم معاملات کو بھی نا قابل تلافی نقصان پہنچایا ہے اور اب اندرون کے ساتھ ساتھ بیرون ملک بھی پاکستان جگ ہنسائی کا باعث بن

رہا ہے۔ انہوںنے مزید کہا کہ نا اہل عمران خان نے”نادان دوستـ” کی مثال کو عملی جامہ پہناتے ہوئے ملکی سیاست اور جمہوریت کے بخئے ادھیڑ دیئے ہیں اور اپنے بد زبان دوستوں کے ذریعے سنجیدہ اور محب وطن سیاستدانوں کی زندگی بھر کی محنت کو ضائع کر دیا ہے جس کا خمیازہ ملک کو بھگتنا پڑے گا۔ چیئرمین پی اے سی نے کہا کہ الیکشن کمیشن کا حالیہ فیصلہ دیر آئد درست آئد کے مترادف ہے اور ڈسکہ کے عوام دوبارہ انتخاب میں ووٹ چوروں کو عبرتناک شکست سے دوچار کریں گے۔ انہوںنے کہا کہ این اے75کے انتخابات کا اثر سینٹ انتخابات پر بھی پڑے گا اور سرکاری مشینری کے استعمال کے ذریعے دھونس دھاندلی کے خواب دیکھنے والوں کو منہ کی کھانا پڑے گی۔ انہوںنے کہا کہ سینٹ انتخابات میں مسلم لیگ ن سمیت پی ڈی ایم کی تمام جماعتیں اپنے اہداف با آسانی حاصل کر لیں گی اور وہ دن عمران خان کے اقتدار کے کاؤنٹ ڈاؤن کا دن ہو گا۔ انہوںنے مزید کہا کہ نا اہل حکمرانوںنے ملک کی جڑیں کھوکھلی کر دی ہیں اور اس کی معیشت تباہی کے دھانے پر آن کھڑی ہے۔ انہوںنے کہا کہ آئندہ عام انتخابات میں پی ٹی آئی کا وجود نظر نہیں آئے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں