این سی او سی کی سینما اور تھیٹرز،مزارات فوری بند کرنے کی ہدایت

عوام کی بے احتیاطی اور غیر سنجیدگی نے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کو کورونا کی روک تھام کیلئے اقدامات مزید سخت کرنے پرمجبور کردیا، این سی او سی نے سینما اور تھیٹرز اورمزارات فوری بند کرنے کی ہدایت کردیں۔

وفاقی وزیر اسد عمر کی زیرصدارت این سی او سی کا اہم اجلاس ہوا جس میں کورونا وائرس کی دوسری لہر کا جائزہ لیا گیا، این سی او سی نے سینما اور تھیٹرز اور مزارات فوری طور پر بند کرنے کی ہدایات جاری کردیں، اسد عمر نے عوامی اجتماعات پر پابندی کی سفارش کردی،، اجلاس میں سولا شہروں میں بڑھتے کیسوں کی شرح کا جائزہ بھی لیا گیا،اجلاس میں کہا گیا ہے کہ بیماری میں 3 گنا اضافہ ہوا ہے لہذا زیادہ خطرے والے علاقوں میں پابندیاں بڑھائی جائیں۔

این سی او سی کے مطابق تعلیمی اداروں میں مثبت کیسز کا تناسب بڑھ رہا ہے جسے روکنے کی ضرورت ہے، اجلاس میں تعلیمی اداروں میں موسم سرما کی تعطیلات پیشگی شروع کرنے کی تجویز بھی سامنے آئی تاہم 16 نومبر کو وفاقی وزیر تعلیم این سی او سی میں صوبائی وزرائے تعلیم کے ساتھ ملاقات کریں گے، مشاورتی مباحثے کے بعد سفارشات صوبوں کے ساتھ شیئر کی جائیں گی۔

این سی او سی نے شادی تقریبات سے متعلق رہنما اصول بھی جاری کردیے جس کے مطابق 20 نومبر سے صرف 500 افراد کی بالائی حد کے ساتھ بیرونی شادیوں کی اجازت ہوگی جب کہ 500 سے زائد افراد کے سیاسی، ثقافتی، مذہبی، تفریحی اور سول سوسائٹی کے اجتماعات پر پابندی کی سفارش کی گئی ہے۔

این سی او سی کی جانب سے مساجد میں ایس او پیز پر عمل درآمد کی درخواست بھی کی گئی، اس کے علاوہ مزارات، سنیما گھر اور تھیٹر فوری طورپر بند کرنے کی سفارش سمیت بازاروں کو جلدی بند کرنے اور مخصوص دنوں کے لیے کھولنے کی تجاویز دی گئیں تاہم این سی او سی کی تجاویز پر حتمی فیصلے قومی رابطہ کمیٹی اجلاس میں کیے جائیں گے۔

وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کے بڑھتے کیسز کے باعث این سی او سی نے ایک بار پھر ملک میں بڑے اجتماعات پر پابندی کی تجویز دی ہے، ملک میں تیزی سے بڑھتے کورونا کے مثبت کیسز کے باعث زندگی بچانے کیلیے ہنگامی اقدامات کی ضرورت ہے۔

وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے کہا کہ اکتوبر کے وسط سے بڑے اجتماعات پر پابندی کی تجویز آنے کے بعد سے کورونا کیسز کی تعداد تقریبا 3 گنا بڑھ چکی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک بھر کی سیاسی قیادت کی جانب سے قوم کو کورونا سے متعلق حفاظتی اقدامات کرنے اور ایس او پیز پر عمل کرنے کے لیے پیغام جانا چاہیے۔

The post این سی او سی کی سینما اور تھیٹرز،مزارات فوری بند کرنے کی ہدایت appeared first on Siasat.pk Urdu News – Latest Pakistani News around the clock.

%d bloggers like this: