بلاول ،زرداری کو جوبائیڈن کی تقریب حلف برداری میں مدعو کئے جانے کی خبریں جعلی قرار

بلاول، زرداری کی نومنتخب امریکی صدر جوبائیڈن کی تقریب میں مدعو کیے جانے کی خبریں جعلی قرار

پاکستان پیپلز پارٹی نے الیکٹرانک میڈیا اور سوشل میڈیا پر چلنے والی اس خبر کی تردید کی ہے کہ پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو یا شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری کو امریکہ کے نو منتخب صدر جو بائیڈن کی تقریب حلف برداری میں مدعو کیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان میں سوشل میڈیا پر خبریں گردش کر رہی ہیں کہ پیپلزپارٹی کے چیئر مین بلاول زرداری اور شریک چیئر مین آصف زرداری کو امریکی حکومت کی جانب سے نو منتخب امریکی صدر جوبائیڈن کی تقریب حلف برداری میں شرکت کیلئے دعوت نامہ بھجوایا گیا ہے۔

سوشل میڈیا پر چلنے والی خبروں کی تردید کرتے ہوئے پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما فرحت اللہ بابر نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو یا صدر آصف زرداری کو امریکی نو منتخب صدر جو بائیڈن کی تقریب حلف برداری میں مدعو نہیں کیا گیا ہے۔

بی بی سی اردو کےمطابق پیپلزپارٹٰ کے سینئر رہنما فرحت اللہ بابر نے کہا کہ ان کی جماعت کو ایسا کوئی دعوت نامہ نہیں آیا ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ 2 روز سے بلاول اور آصف زرداری کی جوبائیڈن کی تقریب حلف برداری میں دعوت سوشل میڈیا پر موضوع بحث تھی۔ پیپلزپارٹی کے حامی اور مخالف سوشل میڈیا صارفین نے اس بحث میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔

پیپلزپارٹی ، ن لیگ کے حامی اور حکومت مخالف وزیراعظم عمران خان پر طنزیہ جملے بازی کرتے رہے کہ دیکھئے امریکہ انہیں کتنی اہمیت دیتا ہے؟ امریکہ نے وزیراعظم پاکستان کی بجائے آصف زرداری اور بلاول کوبلایا ہے اس سے پتہ چلتا ہے کہ امریکہ آصف زرداری کو کتنی اہمیت دیتا ہے اور سیلیکٹڈ کو کتنی اہمیت دیتا ہے۔

تحریک انصاف کے مخالفین کی طرف سے یہ دعویٰ بھی کیا گیا کہ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ امریکہ پیپلزپارٹی کیلئے کتنا نرم رویہ رکھتا ہے۔ کچھ سوشل میڈیا صارفین نے تو اسے خطرے کی گھنٹی بھی قرار دیدیا۔

دوسری جانب تحریک انصاف کے حامی بھی پیچھے نہ رہے ، انہوں نے دعویٰ کیا کہ آصف زرداری اور بلاول کو کوئی دعوت نامہ نہیں بھجوایا گیا بلکہ یہ ایک ٹکٹ ہے جو آصف زرداری اور بلاول نے حلف برداری کی تقریب میں شرکت کیلئے خریدا ہے۔

تحریک انصاف کے سوشل میڈیا صارفین امریکی حکومت کا ایک مراسلہ بھی سامنے لے آئے جس میں یہ کہا گیا تھا کہ حلف برداری تقریب کی کس کیٹگری کیلئے ٹکٹ کتنے کا رکھا گیا ہے۔

اگرچہ فرحت اللہ بابر نے کسی قسم کے دعوت نامہ بھجوانے کی تردید کی ہے لیکن پیپلزپارٹی کی رہنما شہلا رضا نے نومنتخب امریکی صدر جو بائیڈن کی تقریب حلف برداری میں بلاول زرداری اور آصف زرداری کو مدعو کیے جانے کا دعویٰ کیا تھا۔

اپنے ایک ٹوئٹر پیغام میں شہلا رضا نے کہا تھا کہ امریکا کے نئے صدر جو بائیڈن کی تقریب حلف برداری میں چیئرمین بلاول بھٹو اور آصف زرداری کو مدعو کیا گیا۔

شہلا رضا کا کہنا تھا کہ کہ آصف زرداری طبیعت کی ناسازی کی وجہ سے تقریب میں شرکت نہیں کریں گے، البتہ بلاول بھٹو کی تقریب میں شرکت کے واضح امکانات ہیں۔

The post بلاول ،زرداری کو جوبائیڈن کی تقریب حلف برداری میں مدعو کئے جانے کی خبریں جعلی قرار appeared first on Siasat.pk Urdu News – Latest Pakistani News around the clock.

%d bloggers like this: