بھارت دہشتگردوں کی کفالت کرنے والا بدمعاش ملک ہے، ڈاکٹر معید یوسف

بھارت دہشتگردوں کی کفالت کرنے والا بدمعاش ملک ہے، ڈاکٹر معید یوسف

بھارت دہشتگردوں کی کفالت کرنے والا بدمعاش ملک ہے، ڈاکٹر معید یوسف

وزیراعظم کے مشیر برائے قومی سلامتی ڈاکٹر معید یوسف نے اپنے حالیہ انٹرویو میں بتایا کہ پاکستان اقوام متحدہ سمیت دیگر ممالک کو بھارت کی دہشت گردانہ کارروائیوں سے متعلق ڈوزیئر کیوں پیش کرنے جا رہا ہے اور اس کا پاکستان کو کیا فائدہ ہو گا یہی نہیں انہوں نے یہ بھی بتایا کہ کس طرح پاکستان اقوام عالم کو قائل کرے گا کہ بھارت ہی سب خرابیوں کی جڑ ہے۔

ڈاکٹر معید یوسف نے بتایا کہ پاکستان اس سے قبل بھی اقوام عالم کے سامنے بھارتی کارروائیوں کی رپورٹس پیش کرتا رہا ہے مگر اس بار پورے ثبوتوں کے ساتھ بتایا گیا ہے کہ کس طرح بھارتی خفیہ ایجنسی دہشت گردوں اور انتہا پسند گروپس کو پیسے دے کر پاکستان سمیت خطے کے امن کو برباد کرنے پر تلی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایسے ثبوت پیش کیے گئے ہیں جن سے انکار نہیں کیا جا سکتا، کیونکہ ہم نے جو کہا ہے اس کو دنیا دیکھ سکتی ہے۔ ہر شخص کی میڈیا اور سوشل میڈیا تک رسائی ہے لوگ باآسانی سچ اور جھوٹ میں فرق کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا کی مدد سے اب دنیا میں کسی بھی ظلم اور زیادتی کو چھپانا آسان نہیں رہا۔

مشیر قومی سلامتی نے کہا کہ ہمارے پیش کیے گئے ثبوتوں کی جب دنیا تصدیق کرے گی تو پھر لازمی ہر ملک بھارت کو اپنی کارروائیوں سے روکنے کیلئے دباؤ ڈالے گا۔ کیونکہ اگر دیگر ممالک ایسا نہیں کرتے تو پھر خدشہ ہے کہ وہ اس جوہری طاقت کے حامل خطے میں امن کے خواہاں نہیں ہوں گے جس کا نتیجہ بھیانک ہو سکتا ہے۔

ڈاکٹر معید یوسف نے کہا کہ دنیا بھر میں ایسے کسی دوسرے ملک کی مثال نہیں ملتی جو دہشتگردانہ کارروائیوں میں اس حد تک آگے نکل چکا ہو کہ وہ دہشت گردی کے ذریعے اپنے مذموم مقاصد حاصل کر رہا ہو۔ انہوں نے کہا کہ بھارت میں کہیں ایک گولی بھی چل جائے تو اس کا لازمی طور پر الزام پاکستان یا پاکستان میں بسنے والے کسی خاص گروپ پر تھونپ دیا جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس معاملے پر دنیا کے کسی بھی پلیٹ فارم پر اگر بھارت سے متعلق اور ان دہشتگردانہ کاررائیوں سے متعلق کوئی بات کرنا چاہے تو ہم ہمہ وقت تیار ہیں۔

مشیر قومی سلامتی نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ سوال یہ ہے کہ کیا دنیا واقعی اس خطے میں امن چاہتی ہے کیا افغان امن کے دعوے کرنے والے واقعی امن چاہتے ہیں یا یہ صرف دعوؤں تک محدود باتیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کے اقدامات اور چین کے ساتھ معاملات بھی دنیا کے سامنے ہیں۔ معید یوسف نے کہا کہ دنیا بھر کے تمام قوانین کی روح سے بھارت دہشت گردوں کی مالی معاونت کرنے والی ایک بدمعاش ریاست ہے جو خطے کے امن کے درپے ہے۔

انہوں نے کہا پاکستان پوری دنیا کے لیے کھلا ہے کیونکہ ہم اپنے ملک کو بطور معاشی قلعہ دکھانا اور ثابت کرنا چاہتے ہیں ساتھ ہی انہوں نے یہ بھی کہا کہ یہ سب کس طرح ممکن ہو سکتا ہے جب جنوبی ایشیا میں موجود سب سے بڑا ملک دہشتگردانہ کارروائیوں میں ملوث ہو جس کے اپنے ارد گرد موجود ہر ہمسائے کے ساتھ تعلقات کشیدہ ہوں۔ پڑوسی ملک کی جانب سے ایسی کارروائیوں کے ہوتے ہوئے یہ سب کس طرح ممکن بنایا جا سکتا ہے۔

ایک دوسرے سوال کے جواب میں مشیر قومی سلامتی نے کہا کہ ایسا نہیں ہو سکتا کہ خطے میں موجود ہر ملک غلطی کر رہا ہو کیا دنیا کو پاکستان کے علاوہ چین، بنگلہ دیش، نیپال اور بھارت کے دیگر ہمسایہ ممالک کا نقطہ نظر سمجھ نہیں آ رہا؟ صاف ظاہر ہے کہ بھارت اپنی بدمعاشی کے بل پر خطے میں اجارہ داری قائم کرنا چاہ رہا ہے جس کی ہرگز اجازت نہیں دی جا سکتی۔

The post بھارت دہشتگردوں کی کفالت کرنے والا بدمعاش ملک ہے، ڈاکٹر معید یوسف appeared first on Siasat.pk Urdu News – Latest Pakistani News around the clock.

%d bloggers like this: