سابق وزیراعظم آزاد کشمیر سردار سکندر حیات نے مریم نواز کو میٹرک فیل قرار دے دیا

سابق وزیراعظم آزادکشمیر اور مسلم لیگ (ن) کے آزاد کشمیر میں بانی سردار سکندر حیات نے مریم نواز کی قیادت کو قبول کرنے سے انکار کر دیا۔

انہوں نے حلقہ احباب میں بیٹھے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ کیسے ہو سکتا ہے کہ اب وہ ایک لڑکی کے غلام بن جائیں اور لڑکی بھی وہ جو میٹرک فیل ہے۔ سکندر حیات نے کہا کہ مریم نواز عمران خان کو کہتی ہیں کہ وہ ایک یونین کونسل نہیں چلا سکتے انہیں ایسی بات کرتے ہوئے شرم آنی چاہیے۔

سردار سکندر حیات نے کہا کہ یہ لوٹ مار کرتے رہے ہیں اور تو اور یہ میری مرسڈیز کار چھین کر لے گئے تھے۔ اگر ان میں اخلاقی جرات ہے تو اس بات سے انکار کریں کہ وہ کار میری نہیں تھی۔ انہوں نے کہا کہ جب مسلم لیگ ن کی قیادت پر برا وقت آیا تو تب انہوں نے یہ کار مجھے واپس بھیجی مگر میں نے کہا کہ نہیں اب یہ آپ ہی رکھیں۔

یاد رہے کہ اس حوالے سے سردار سکندر حیات ایک انٹرویو میں بتا چکے ہیں کہ بطور وزیراعظم استحقاق حاصل تھا کہ وہ ڈیوٹی فری چیز خرید سکتے تھے اس طرح انہوں نے 1990 میں مرسڈیز کار خریدی جو کہ اس وقت مارکیٹ میں 85 لاکھ کی تھی مگر انہوں نے یہ کار16 لاکھ روپے میں خریدی تھی۔

سردار سکندر حیات نے بتایا کہ اس کار پر جب نواز شریف کی نظر پڑی تو وہ مجھے کہنے لگے کہ یہ کار مجھے دے دو اور اس پر بار باراصرار کرتے مگر میں مسلسل اس بات کو ٹالتا رہا۔ انہوں نے بتایا کہ نواز شریف کے بعد ان کی اہلیہ مرحومہ کلثوم نواز نے وہ کار دیکھی تو وہ بھی یہی کہنے لگیں کہ یہ کار ہمیں دے دو جس پر میں نے تنگ آ کر اپنے ڈرائیور کو چابی دے کر کہا کہ یہ کار نواز شریف کے پاس کھڑی کر آؤ۔

سابق وزیراعظم آزادکشمیر نے کہا کہ پنجاب کے علاقے سے مجھے مسلم لیگ ن نے ہرایا مگر میں پھر بھی فرنٹیئر کے علاقے سے کامیاب ہو گیا حالانکہ وہاں پیپلزپارٹی کی حکومت تھی۔

سردار سکندر حیات نے تحریک انصاف کی حمایت میں بھی کہا کہ اس ریاستی جماعت کی حکومت رہے گی تو لوگوں کی عزت اور آبرو محفوظ رہے گی مگر مسلم لیگ ن کو وہ قریب سے جانتے پہنچانتے ہیں ان کا مقصد صرف لوٹ مار کرنا ہی رہا ہے۔

The post سابق وزیراعظم آزاد کشمیر سردار سکندر حیات نے مریم نواز کو میٹرک فیل قرار دے دیا appeared first on Siasat.pk Urdu News – Latest Pakistani News around the clock.

%d bloggers like this: