سمیع اسلم کا مایوس ہوکر پاکستان کرکٹ کو خیرباد کہنے کا فیصلہ

مسلسل نظر انداز کیے جانے پر 24 سالہ ٹیسٹ کرکٹر سمیع اسلم نے پاکستان کرکٹ کو خیر باد کہنے کا فیصلہ کر لیا۔

ذرائع کےمطابق سمیع اسلم اگلے 10 روز میں امریکا روانہ ہو جائیں گے اور اس حوالے سے سفر اور رہائش کیلئے ضروری کارروائی مکمل کر لی گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق سمیع اسلم ڈومیسٹک کرکٹ میں پرفارمنس کے باوجود موقع نہ ملنے پر مایوس ہیں، وہ قائد اعظم ٹرافی کے چوتھے راؤنڈ سے پہلے دستبردار ہو چکے ہیں جبکہ انہوں نے نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ سیکنڈ الیون سے بھی دستبرداری اختیار کی تھی۔

اس سے قبل متعدد کھلاڑی ڈیپارٹمنٹل کرکٹ سے مایوس ہونے اور قومی ٹیم میں نمائندگی نہ ملنے کی وجہ سے ملک چھوڑ کر دیگر ممالک سے کھیلنے کا فیصلہ کرچکے ہیں جن میں سابق ٹیسٹ کرکٹر محمد آصف، پی ایس ایل میں کراچی کنگز کی نمائندگی کرنے والے فاسٹ بولر عرفان جونیئر اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے کھیلنے والے رمیز راجہ جونیئر شامل ہیں۔

خیال رہے کہ سمیع اسلم نے 13 ٹیسٹ اور 4 ایک روزہ میچز میں پاکستان کی نمائندگی کی ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ دنوں ٹیسٹ کرکٹر سمیع اسلم نے قومی ٹیم میں منتخب نہ ہونے پر مایوسی کا اظہار کیا تھا، ان کا کہنا تھا کہ کارکردگی دکھانے کے باوجود دورہ نیوزی لینڈ کے لیے اعلان کردہ 35 کھلاڑیوں میں بھی میرا نام نہیں آیا، اس سے قبل دورہ انگلینڈ میں بھی نظر انداز کیا گیا تھا۔

The post سمیع اسلم کا مایوس ہوکر پاکستان کرکٹ کو خیرباد کہنے کا فیصلہ appeared first on Siasat.pk Urdu News – Latest Pakistani News around the clock.

%d bloggers like this: