سٹیل مل نجکاری: رہنما ن لیگ محمد زبیر صحافی کے سوال پر غصے میں آگئے

سٹیل مل نجکاری: رہنما ن لیگ محمد زبیر صحافی کے سوال پر غصے میں آگئے

مسلم لیگ ن کے رہنما محمد زبیر پاکستان اسٹیل ملز سے متعلق نجی ٹی وی چینل کے سوال پر ہتھے سے اکھڑ گئے اور جواب دیئے بغیر روانہ ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق کراچی میں پاکستان اسٹیلز ملز کی نجکاری سے متعلق ایک مظاہرے میں سابق گورنر سندھ محمد زبیر شریک ہوئے، اس موقع پر نجی ٹی وی چینل کے ایک رپورٹر نے ان سے سوال کیا کہ ان کی حکومت بھی تو نجکاری کی حامی تھی تو آج اس نجکاری کے خلاف احتجاج میں وہ شریک کیوں ہیں؟

صحافی کے اس سوال پر ترجمان نواز شریف و مریم نواز محمد زیبر غصہ ہوگئے اور کہنے لگے کہ آپ ہم سے سوال کرتے ہیں، ہمارے دور میں بھی آپ ہم سے سوال کرتے تھے آج بھی ہم سے ہی پوچھ رہے ہیں۔

صحافی نے پھر ان سے پوچھا کہ بینکاک کے ایک ڈنر میں نواز شریف نے آپ سے کہا تھا کہ اگر تم پی آئی اے اور اسٹیل ملز کی نجکاری میں کامیاب ہوگئے تو تم میرے ہیرو ہوگے؟ کیا ہوا اس کا؟

صحافی کے اس سوال کے دوران مسلم لیگ ن کے رہنما نہال ہاشمی اور دیگر کارکنان نے محمد زیبر کو صحافیوں کے چنگل سے آزاد کروانے کی کوشش کی اور نعرے بازی بھی کی مگر صحافی اپنے سوال پر بضد رہا مگر اسے جواب نہ ملا اور محمد زبیر پہلے ایک طرف پھر دوسری طرف چل دیئے۔

ان کے جانے کے بعد مسلم لیگ ن کے کارکنان نے صحافیوں اپنے گھیرے میں لے لیا اور شدید نعرے بازی شروع کردی، نعرے بازی کے دوران گالیاں بھی دی جاتی رہیں، مگر محمد زبیر اپنی گاڑی میں بیٹھ کر روانہ ہوگئے۔

نجی ٹی وی چینل کے صحافی رضوان عالم کا اس واقعے سے متعلق کہنا تھا کہ یہ تو وہی مثال ہوگئی کہ میٹھا میٹھا ہپ ہپ کڑوا کڑوا تھو تھو، پہلے محمد زبیر صاحب بات نہیں کرنا چاہ رہے تھے بڑی مشکل سے ان کو روکا، ابھی دوسرا سوال کیا ہی تھا کہ نہال ہاشمی صاحب درمیان میں آکر کھڑے ہوگئے۔

صحافی نے کہا کہ نہال ہاشمی نے اسی دوران اپنے لوگوں سے نعرے بازی شروع کروادی، ایسی صورتحال ہوگئی کہ کان پڑی آواز سنائی نہیں دے رہی تھی ابھی ہمیں ان سے مزید سوالات پوچھنے تھے کہ آپ کے دور میں اسٹیل ملز کی گیس بند کی گئی، سب سے پہلے اسٹیل ملز کی نجکاری کا پلان ان کی حکومت میں بنایا گیا۔

انہوں نے کہا کہ ابھی دو سوال ہی کیے تھے کہ صورتحال یہ ہوگئی کہ ہمیں ابھی پکڑ کر کوئی ہم پر ٹوٹ پڑے گا، ایسے میں نہال ہاشمی آگئے انہوں نے مجھے دھکے دینا شروع کیے اور محمد زبیر کو وہاں سے نکال کر لے گئے کہ ہم مزید ان سے کوئی سوال نہ کرسکیں۔

The post سٹیل مل نجکاری: رہنما ن لیگ محمد زبیر صحافی کے سوال پر غصے میں آگئے appeared first on Siasat.pk Urdu News – Latest Pakistani News around the clock.

%d bloggers like this: