شکست کے باوجود ٹرمپ اپنی فتح کا اعلان کرتے رہے، ٹوئٹر نے انتباہی پیغام لگادیا

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے صدارتی انتخاب میں جو بائیڈن کی کامیابی کے اعلان کے باوجود ایک بار پھر اپنی فتح کا دعویٰ کیا ہے۔ جس پر ٹوئٹر نے انکی ٹویٹ پر انتباہی پیغام لگادیا

ڈونلڈ ٹرمپ نے ہفتے کی دوپہر ایک ٹوئٹ میں کہا ہے کہ وہ بہت بڑے مارجن کے ساتھ صدارتی الیکشن میں کامیاب ہوچکے ہیں

ٹوئٹر نے ایک بار پھر صدر کی اس ٹوئٹ پر انتباہی پیغام لگا دیا ہے کہ جس وقت یہ ٹوئٹ کیا گیا اس وقت تک حکام نے انتخابات کے نتائج کا اعلان نہیں کیا تھا۔

اس سے قبل بھی ٹرمپ کی ٹویٹس پر انتباہی پیغام لگایا تھا جب انہوں نے دھاندلی کا واویلا کیا اور اپنی جیت کا دعویٰ کیا۔ اس الیکشن میں ٹرمپ کو شکست سے زیادہ اپنی عجیب وغریب حرکات اور جھوٹے دعوؤں پر سبکی اٹھانا پڑی۔ امریکی چینل کو ٹرمپ کی پریس کانفرنس بھی نشر کرنے سے روکنا پڑی جب انہوں نے ایک بار پھر دھاندلی کا الزام لگایا۔

امریکہ کے بیشتر ذرائع ابلاغ نے دعویٰ کیا ہے کہ صدارتی انتخاب کے اب تک سامنے آنے والے غیر سرکاری اور غیر حتمی نتائج کے مطابق ڈیموکریٹک امیدوار جو بائیڈن کو ڈونلڈ ٹرمپ پر فیصلہ کن برتری حاصل ہو چکی ہے۔

صدر منتخب ہونے کے لیے جو بائیڈن کو 538 ارکان کے الیکٹورل کالج میں سے 270 کی حمایت درکار تھی۔ جس وقت ٹرمپ اپنی کامیابی کا اعلان کررہے تھے اس وقت میڈیا جو بائیڈن کی ریاست پینسلوینیا میں کامیابی کی خبر دے رہا تھا۔ پینسلوینیا کے 20 الیکٹورل ووٹ ہیں جو تمام کے تمام جو بائیڈن کو ملنے کے بعد ان کے ووٹوں کی تعداد 273 ہوگئی ۔ ڈونلڈ ٹرمپ اب تک 214 الیکٹورل ووٹ حاصل کرچکے ہیں اور جوبائیڈن سے بہت پیچھے تھے۔

ٹرمپ کی شکست اور جوبائیڈن کی کامیابی امریکی سیاہ فاموں اور مسلمانوں کیلئے خوشی کی خبر تھی۔ ٹرمپ کی شکست پر دنیا بھر بالخصوص پاکستان میں مختلف میمز بنائی گئیں اور نوازشریف کے بیانات "مجھے کیوں نکالا” اور "ووٹ کو عزت دو” کو ان میمز پر استعمال کیا گیا۔

ٹرمپ کی ناکامی بھارت کیلئے اس لحاظ سے بری خبر ہے کہ مودی نے نعرہ لگایا تھا کہ اب کی بار ٹرمپ سرکار۔۔ بھارتی میڈیا ٹرمپ کی کامیابی کی جھوٹی خبریں بھی پھیلاتا رہا لیکن حتمی نتائج میں جوبائیڈن کی ہی جیت ہوئی۔

The post شکست کے باوجود ٹرمپ اپنی فتح کا اعلان کرتے رہے، ٹوئٹر نے انتباہی پیغام لگادیا appeared first on Siasat.pk Urdu News – Latest Pakistani News around the clock.

%d bloggers like this: