عبدالقادر بلوچ اور ثناء اللہ زہری نے مسلم لیگ ن کو خداحافظ کہہ دیا

ن لیگ کو ہمیشہ کے لیے خیرباد کہہ دیا ہے، اب میرا نواز لیگ سے کوئی تعلق نہیں رہا، عبدالقادر بلوچ

پاکستان مسلم لیگ ن کے سربراہ نواز شریف کے اسٹیبلشمنٹ اور فوج مخالف بیانیہ کی وجہ سے پارٹی سے ناراض لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبدالقادر بلوچ کا کوئٹہ میں کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ انہوں نے مسلم لیگ نون کو ہمیشہ کیلئے خیرباد کہہ دیا ہے اب ان کا نواز لیگ سے کوئی تعلق نہیں رہا۔

عبدالقادر بلوچ کا کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ نواز لیگ میں رہ کر جو میرے اور ثناءاللہ زہری کے ساتھ ہوا ہے اس کے بعد ہم پارٹی میں مزید نہیں رہ سکتے، کبھی سوچا بھی نہیں تھا کہ ایسی پارٹی کے ساتھ رہنا پڑے گا جو پاک فوج کے خلاف اکسائے گے، میں آرمی چیف کی بےعزتی برداشت نہیں کر سکتا اور نہ ہی اپنے چیف کے خلاف کوئی بات سن سکتا ہوں۔

سابق وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ میں جو کچھ بھی ہوں پاک فوج کی وجہ سے ہوں، میں نے فیصلہ کرلیا ہے میں ن لیگ سے اپنے راستے جدا کروں گا، میں آئندہ کے لائحہ عمل کے بارے میں مشاورت سے فیصلہ کروں گا، اُس پارٹی میں نہیں رہ سکتا، جس میں دل آزاری ہوتی ہو۔

عبدالقادر بلوچ نے سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز کی اخلاقی تربیت پر بات کرتے ہوئے کہا کہ مریم نواز کی اخلاقی تربیت یہ ہے اس نے خواتین ورکرز سے ہاتھ بھی نہیں ملایا، مریم نواز کی سلوک کی وجہ سے میں تمام خواتین اور ورکرز سے معذرت کرتا ہوں، انہوں نے کہا کہ ہم نے ہمیشہ عزت کی سیاست کی ہے۔

عبدالقادر بلوچ کا مزید کہنا تھا کہ نواب ثناء اللہ زہری نے نواز لیگ کے لئے اپنے بیٹے ، بھائی اور بھتیجے کی قربانی دی، ان لوگوں کی قربانیوں کی وجہ سے نواز لیگ کو بلوچستان میں حق شریعت ملی تھی، ہم نے بلوچستان میں مسلم لیگ (ن) کو 22 اراکین کی اکثریت دلائی، ہم جس بھی پارٹی پہ منسلک ہوئے ان کے لئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر دیا۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے پارٹی کی جانب سے ہمارے ساتھ ہونے والی زیادتیوں کے باوجود بھی پارٹی کو نہیں چھوڑا بلکہ ہمیشہ وفا داری کا مظاہرہ کیا، لیکن اب نواز شریف کے بیانیے کے ساتھ پارٹی کے ساتھ چلنا ناگزیر ہو چکا ہے، اسی لئے نواز لیگ کو ہمیشہ کے لئے خیرباد کہہ دیا ہے جب تم مستقبل کا فیصلہ اپنے دوستوں کی مشاورت کے بعد جلد ہی کروں گا۔

The post عبدالقادر بلوچ اور ثناء اللہ زہری نے مسلم لیگ ن کو خداحافظ کہہ دیا appeared first on Siasat.pk Urdu News – Latest Pakistani News around the clock.

%d bloggers like this: