منشیات اور 2نمبر کی کمائی ووٹوں کی خریداری میں استعمال ہوتی ہے،سپریم کورٹ

منشیات اور 2نمبر کی کمائی ووٹوں کی خریداری میں استعمال ہوتی ہے،سپریم کورٹ

سپریم کورٹ آف پاکستان میں سینیٹ انتخابات سے متعلق صدارتی ریفرنس پر سماعت ہوئی جس میں چیف الیکشن کمشنر آج عدالت میں پیش ہوئے۔ چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ اگر کوئی جماعت تناسب سے زیادہ سینیٹ سیٹیں لے تو الیکشن کمیشن کیا کرے گا؟ الیکشن کمیشن کیسے تعین کرتا ہے کہ انتخابات متناسب نمائندگی سے ہوئے؟

چیف جسٹس نے ریمارکس میں کہا کہ کیا متناسب نمائندگی نہ ہونے سے سینیٹ الیکشن کالعدم ہوجائیں گے؟ ووٹنگ بے شک خفیہ ہو لیکن سیٹیں اتنی ہی ہونی چاہئیں جتنی بنتی ہیں، پیسے دینے والوں کے پاس بھی کوئی سسٹم تو ہوتا ہے کہ بکنے والا ووٹ دے گا یا نہیں، ووٹ خریدنے والے ووٹ ملنے کو کیسے یقینی بناتے ہیں، ملک کی قسمت الیکشن کمیشن کے ہاتھ میں ہے، الیکشن کمیشن اپنی ذمہ داری کو سمجھے۔

بنچ میں شامل جسٹس اعجاز الاحسن نے کہا کہ الیکشن کمیشن کا اختیار ہے کہ ووٹ چوری نہیں ہونے دینا، الیکشن کمیشن کہتا ہے چوری ہونے کے بعد کارروائی کریں گے، سیاسی جماعتوں کو تناسب سے کم سیٹیں ملیں تو قانون سازی کیسے ہوگی، منشیات اور 2 نمبر کی کمائی ووٹوں کی خریداری میں استعمال ہوتی ہے۔

اٹارنی جنرل پاکستان خالد جاوید نے کہا کہ الیکشن کمیشن کو نیند سے جاگنا ہوگا، تمام ریاستی ادارے الیکشن کمیشن کے پابند ہیں، بیلٹ پیپرز پر بار کوڈ یا سیریل نمبر لکھا جا سکتا ہے، کاوئنٹر فائل اور بیلٹ پیپرز پر بار کوڈ ہو تو ہارس ٹریڈنگ نہیں ہوگی۔

الیکشن کمیشن کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ کسی کو ووٹ کا حق استعمال کرنے سے نہیں روک سکتے، آزادانہ ووٹ نہ دیا تو سینیٹ انتخابات الیکشن نہیں سلیکشن ہوں گے، ووٹ دیکھنے کے لیے آرٹیکل 226 میں ترمیم کرنا ہوں گی، ووٹ تاقیامت ہی خفیہ رہتا ہے۔

جسٹس اعجاز الاحسن نے مزید ریمارکس دیئے کہ ووٹ ہمیشہ کے لیے خفیہ نہیں رہ سکتا، قیامت تک ووٹ خفیہ رہنا آئین میں ہے نہ عدالتی فیصلوں میں، متناسب نمائندگی کا کیا مطلب ہے؟ صوبائی اسمبلی کے تناسب سے سینیٹ سیٹیں نہ ملیں تو یہ الیکشن کمیشن کی ناکامی ہوگی، ووٹ فروخت کرنے سے متناسب نمائندگی کے اصول کی دھجیاں اڑیں گی، کوئی جماعت تناسب سے ہٹ کر سیٹیں جیت لے تو سسٹم تباہ ہو جائے گا۔

ایڈووکیٹ جنرل پاکستان اور ایڈووکیٹ جنرل کے پی کے دلائل مکمل ہو گئے، عدالت نے کل دیگر صوبوں اور سیاسی جماعتوں کے وکلا کو دلائل کے لیے طلب کرتے ہوئے سماعت کل 12 بجے تک ملتوی کر دی۔

The post منشیات اور 2نمبر کی کمائی ووٹوں کی خریداری میں استعمال ہوتی ہے،سپریم کورٹ appeared first on Siasat.pk Urdu News – Latest Pakistani News around the clock.

%d bloggers like this: