منشیات برآمد ہونے پر معروف بھارتی اداکارہ شوہر سمیت گرفتار

بالی ووڈ کے معروف اداکار سوشانت سنگھ راجپوت کی مبینہ خودکشی کے بعد بالی ووڈ میں منشیات کے استعمال کے معاملے میں ایک اور چہرے سے بھی نقاب اتر گیا ہے۔

معروف بھارتی کامیڈین بھارتی سنگھ کو نارکوٹکس کنٹرول بیورو نے گرفتار کرلیا اور انکے گھر ایک چھاپے کے دوران منشیات بھی برآمد کرلی ، جس کے بعد بھارتی سنگھ نے دوران تفتیش منشیات کے استعمال کا اعتراف کرلیا ہے۔

بھارتی اداکارہ اور اُن کے شوہر کو پولیس نے گرفتار کرلیا ہے، انہیں آج بروز اتوار عدالت میں پیش کیا جائے گا۔

رپورٹس کے مطابق ایک منشیات فروش نے پوچھ گچھ کے دوران بھارتی سنگھ کا نام لیا تھا جس پر نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) کی ٹیم نے بھارتی اداکارہ کی رہائش گاہ پر چھاپہ مارا تو منشیات برآمد کرلی گئی جس کے بعد پولیس نے بھارتی سنگھ اورانکے شوہر کو حراست میں لے لیا۔

بھارتی میڈیا نے مزاحیہ اداکارہ کے ممبئی کے علاقے اندھیری کے اپارٹمنٹ کی ویڈیو بھی دکھائی ہے، جس کے بعد این سی بی انہیں لال مرسیڈیز میں اور ان کے شوہر کو سفید گاڑی میں لے گئی، پولیس اسٹیشن پہنچنے پر بھارتی سنگھ نے میڈیا سے گفتگو کی اور کہا کہ ’انہوں نے ہمیں صرف چند سوالات پوچھنے کے لیے بلایا ہے‘۔

بھارتی میڈیا جس نے بھارتی سنگھ کے گھر کے ساتھ اس معاملے میں مزید 2 مقامات پر چھاپے کی تصدیق کی ہے، سے این سی بی کے ایک اور افسر نے گفتگو کی اور بتایا کہ فلم انڈسٹری میں منشیات فراہم کرنے والوں سے تفتیش میں ’بھارتی سنگھ‘کا نام نکل کر آیا اور ان کے گھر سے منشیات برآمد بھی ہوئی ہے۔

اس سے قبل این سی بی نے فلم پروڈیوسر فیروز ناڈیاوالا کو بھی طلب کیا تھا جبکہ اس سے ایک دن قبل پولیس ان کی اہلیہ شبانہ سعید کو گھر سے 10 گرام چرس بر آمد ہونے پر گرفتار کرچکی تھی جو بعد ازاں ضمانت پر رہا ہوئیں۔

این سی بی گزشتہ چند ماہ کے دوران بالی ووڈ کی بڑی شخصیات جیسے اداکارہ دیپکا پڈوکون، سارہ علی خان، شردھا کپور، سنجنا اگروال، رکول پریت سنگھ سے پوچھ گچھ کرچکی ہے،

واضح رہے کہ بالی ووڈ اداکار سشانت سنگھ رواں برس 14 جون کو اپنے کمرے میں مردہ حالت میں پائے گئے تھے، اُن کی پھندا لگی لاش ملنے کے باوجود اس معاملے میں قتل اور ممنوعہ منشیات کے استعمال پر بھی تفتیش کی جارہی ہے۔

تفتیش کے دوران بالی ووڈ میں منشیات کے استعمال اور خرید و فروخت کے حوالے سے بھی شواہد ملے جس پر نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) نے سشانت کی گرل فرینڈ ریا چکروتی کو اُن کے بھائی سمیت گرفتار کرلیا تھا۔اسکے بعد مختلف اداکاروں اور داکاراؤں سے تفتیش کی گئی۔

The post منشیات برآمد ہونے پر معروف بھارتی اداکارہ شوہر سمیت گرفتار appeared first on Siasat.pk Urdu News – Latest Pakistani News around the clock.

%d bloggers like this: