وزیراعظم عمران خان کا عید پر نتھیا گلی سے پیغام

پاکستان کے وزیراعظم عمران خان عیداالاضحٰی خیبرپختونخوا کے ضلع ایبٹ آباد کے تفریحی مقام نتھیا گلی میں گزار رہے ہیں جہاں سے انہوں نے قوم کے نام عید کا پیغام جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ دنیا نازک صورتحال سے گزر رہی ہے اور یہ کہ مشکلات کے دوران قوم قربانیوں سے دریغ نہیں کرے گی۔

اپنے پیغام میں وزیراعظم نے کہا ہے کہ ‘میں عید الاضحی کے پر مسرت موقع پر پوری قوم اور ملت اسلامیہ کو مبارک باد پیش کرتا ہوں۔’

انہوں نے کہا کہ عید الاضحی کے موقع پر قربانی کا مقصد اس عزم کا اعادہ ہے کہ راہ حق پر چلنے اور عزیمت اور استقامت اختیار کرنے میں ہمیں جو بھی مشکلات پیش آئیں اور جیسی بھی قربانی دینی پڑے ہم اس سے دریغ نہیں کریں گے۔

‘عزیز ہم وطنو! ساری دنیا اس وقت انتہائی نازک صورتحال سے گزر رہی ہے۔ کورونا وائرس کی وبا ساری انسانیت کے لیے ایک چیلنج بن کر آئی ہے۔ میری پاکستانی قوم سے یہ درخواست ہے کہ عید قربان کے موقع پر تمام احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے قربانی کا واجب سر انجام دیتے ہوئے غریب اور ضرورت مند طبقے کو بھی اپنے ساتھ شامل رکھیں۔’

عمران خان نے کہا ہے کہ ‘میری اللہ تعالی سے دعا ہے کہ وہ اس وبا سے نبرد آزما تمام لوگوں کی حفاظت فرمائے اور انہیں اپنے شایان شان بہترین اجر عطا فرمائے اور ہمیں جلد از جلد اس سے نجات عطا فرمائے۔’

%d bloggers like this: