وزیراعظم عمران خان کا وزراء کی کارکردگی پر عدم اطمینان کا اظہار، وزراء کو وارننگ

وزیراعظم کا وفاقی وزراء کی کارکردگی پر عدم اطمینان کا اظہار۔۔ وزراء کو وارننگ دیدی۔۔وفاقی وزیرتوانائی عمرایوب خان کی کارکردگی پر بھی ناپسندیدگی کا اظہار

اسلام آباد میں وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا، اجلاس میں گزشتہ ہفتے ہونے والے بڑے بریک ڈاؤن سے متعلق ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ پیش کی گئی، وزیراعظم نے تحقیقاتی رپورٹ کا جائزہ لیتے ہوئے وفاقی وزیر برائے توانائی عمر ایوب کی کارکردگی پر ناپسندیدگی کا اظہار کیا۔

وزیر اعظم کی زیر صدارت ہونے والے کابینہ اجلاس میں وفاقی وزیر برائے توانائی عمر ایوب کا بریفنگ دیتے ہوئے کہنا تھا کہ ہفتے کو ہونے والا بڑا بریک ڈاؤن انسانی غلطی تھی، جن ملازمین کی غفلت کی وجہ سے بڑا بریک ڈاؤن ہوا، ان کے خلاف کارروائی کی جا رہی ہے اور بہت جلد تمام ذمہ داروں کے نام سامنے لے آئیں گے۔

کابینہ اجلاس سے دوران عمران خان نے اپنے وزیروں کو وارننگ دے دی اور ساتھ ہی کہا کہ فیصلوں کی مخالفت کرنی ہے تو بے شک مستعفی ہوجائیں۔انہوں نے مزید کہا کہ وزراء نے اگر اپنی روش برقرار رکھی تو خود فیصلہ کروں گا کہ کسے کابینہ میں رکھنا ہے یا نہیں رکھنا ہے۔

بعد ازاں وزیراعظم عمران خان کابینہ اجلاس میں وفاقی وزرا کی کارکردگی پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تمام وزراء اپنی وزارتوں پر گرفت مضبوط بنانے کے ساتھ ساتھ اپنی کارکردگی بھی بہتر بنائیں اور جو وزارتیں شہریوں کے مسائل کے ساتھ جڑی ہوئی ہیں ان میں غلطی کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔

وفاقی کابینہ کے اجلاس میں بلوچستان کے علاقے مچھ میں پیش آنے والے دہشت گردی کے واقعے اور اسلام آباد میں قتل ہونے والے اسامہ ستی کے کیس پر بھی بات چیت کی گئی، وزیراعظم نے اس موقع پر کہا کہ سانحہ مچھ کے ذمہ داروں کو کیفر کردار تک پہنچائیں گے، وزیراعظم نے ہدایت کی کہ اسامہ ستی کے والدین حکومتی کارروائی سے مطمئن نہیں تو ہائیکورٹ کے جج سے تحقیقات کروائیں۔

وفاقی کابینہ کے اجلاس میں نوشہرہ میں کثیرالمنزلہ عمارت کی تعمیر سے متعلق چار رکنی کمیٹی قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا اور ایف آئی اے کمرشل بینکنگ سرکل لاہور کو پولیس اسٹیشن قرار دینے کی منظوری دے دی، اس کے علاوہ کابینہ کے اجلاس میں عمرکوٹ میں ہونے والے ضمنی انتخابات کے لیے رینجرز کی تعیناتی کی منظوری دے دی گئی۔

وفاقی کابینہ نے آڈیٹر جنرل آف پاکستان کے اختیارات سے متعلق بل اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کو عام ٹینڈرنگ کے ذریعے ٹیکس اور ڈیوٹیز سے استثنی دینے منظوری دی گئی، کابینہ نے لیگل اینڈ جسٹس ایڈ اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل کی تعیناتی، نیشنل طب کونسل کے نئے ایڈمنسٹریٹر کی تعیناتی اور پاکستان کونسل فار سائنس و ٹیکنالوجی کے بورڈ آف گورنرز کی تعیناتی کی منظوری دے دی۔

The post وزیراعظم عمران خان کا وزراء کی کارکردگی پر عدم اطمینان کا اظہار، وزراء کو وارننگ appeared first on Siasat.pk Urdu News – Latest Pakistani News around the clock.

%d bloggers like this: