ڈالر مزید کتنا سستا ہو گا؟غیر ملکی قرضوں میں کمی،میعشت میں بہتری: کامران خان

سینئر صحافی اور اینکر پرسن کامران خان نے اپنے پروگرام دنیا کامران خان کے ساتھ میں کہا ہے کہ ڈالر کی قدر ڈھائی ماہ میں 10 روپے تک کم ہوئی ہے اور ڈالر اب 158 روپے تک آ گیا ہے جبکہ 26 اگست کو ڈالر 168 روپے 43 پیسے کی بلند ترین سطح پر تھا۔ روپے کی قدر اب 5 اعشاریہ 6 فیصد مستحکم ہوا ہے۔

اینکر پرسن کامران خان نے کہا کہ ڈالر کی قیمت میں کمی سے پاکستان پر بیرونی قرضوں کے حجم میں 1056 ارب روپے کی کمی آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ روپے کی قدر میں بہتری سے درآمدی اشیا کی قیمتوں میں بھی بہتری آئے گی۔

اس صورتحال سے پٹرولیم مصنوعات، کھانے پینے کی اشیا میں درآمد کیے جانے والے کوکنگ آئل، مصالحہ جات اور دیگر اشیا کی قیمتوں میں بھی کمی آنے کا امکان ہے۔ جس سے حکومت کو مہنگائی پر قابو پانے میں ممکن حد تک مدد ملے گی۔

کامران خان نے کہا کہ روپے کی قدر میں بہتری کی ایک بڑی وجہ حوالہ ہنڈی کے کاروبار کو قابو کرنا ہے جس کا ثبوت یہ ہے کہ گزشتہ 2 ماہ سے پاکستانی بینکوں میں 2 ارب ڈالرز سے زائد کی ترسیلات زر ریکارڈ کی جا رہی ہیں۔

کامران خان نے کہا کہ پاکستانی برآمدات میں 2.2 بلین ڈالر اضافہ دیکھا جا رہا ہے، پاکستان کو فارماسیوٹیکل اور دیگر شعبہ جات میں برآمدات کے آرڈر مل رہے ہیں جو کہ ملکی معیشت کی بہتری میں یقیناً اپنا کردار ادا کریں گے اور ملک میں مہنگائی کی موجودہ صورتحال پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔

اس حوالے سے پروگرام میں شریک مہمان آصف ارسلان سومرو نے بھی کہا کہ حکومت کو درپیش مہنگائی جیسے بڑے چیلنج کو قابو کرنے میں کسی حد تک مدد ملے گی اور روپے کی قدر میں بہتری سے ملکی معیشت کی بحالی اور ترقی ممکن ہو سکے گی۔

The post ڈالر مزید کتنا سستا ہو گا؟غیر ملکی قرضوں میں کمی،میعشت میں بہتری: کامران خان appeared first on Siasat.pk Urdu News – Latest Pakistani News around the clock.

%d bloggers like this: