کراچی، رکشہ چھیننے کی کوشش کرنے والی خاتون موقع سے گرفتار

کراچی، رکشہ چھیننے کی کوشش کرنے والی خاتون موقع سے گرفتار،2 ساتھی فرار

کراچی کے علاقے موچکو میں پولیس نے رکشے میں بطور مسافر سفر شروع کرنے کے بعد ساتھیوں کی مدد سے رکشہ چھیننے کی کوشش کرنے والی خاتون کو رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا۔

پولیس کے مطابق سہراب گوٹھ سے رکشہ نمبر D-13465 میں خاتون اور اس کے2 ساتھی سوار ہوئے جنہوں نے رئیس گوٹھ کے قریب یار محمد گوٹھ پہنچ کر رکشہ ڈرائیور کو کچے راستے پر جانے کا کہا جس پر رکشہ ڈرائیور سجاد احمد ولد رسول محمد نے انکار کر دیا۔

رکشے میں سوار ایک شخص نے کسی کو فون کیا تو مسلح شخص اس جگہ پر پہنچ گیا اور رکشہ ڈرائیور کو کچے راستے پر چلنے کے لیے دھمکانے لگا۔ رکشہ ڈرائیور نے پولیس موبائل کو اسی طرف آتا دیکھ کر اس کی جانب رکشہ بھگا دیا۔

پولیس موبائل کو دیکھ کر رکشے میں سوار دونوں مرد اور تیسرا موٹرسائیکل پر آنے والا مسلح شخص تاریکی کا فائدہ اٹھا کر فرار ہو گئے جبکہ خاتون رکشے میں ہی رہ گئی جسے پولیس نے رنگے ہاتھوں موقع واردات سے گرفتار کرلیا۔

پولیس کے مطابق خاتون کا نام زہرہ زوجہ علی جان ہے جس کے خلاف مقدمہ الزام نمبر 80/2021 بجرم دفعہ393/397/34 ت پ درج کرلیا گیا ہے۔ گرفتار ملزمہ نے اپنے مفرور ساتھیوں کے نام فقیر اور سلیم بتائے ہیں۔ جنہیں جلد ہی گرفتار کر لیا جائے گا۔

The post کراچی، رکشہ چھیننے کی کوشش کرنے والی خاتون موقع سے گرفتار appeared first on Siasat.pk Urdu News – Latest Pakistani News around the clock.

%d bloggers like this: