کراچی:موٹر سائیکل چوری کی بے رحمانہ واردات، کم سن کی جان خطرے میں ڈال دی

کراچی کے علاقے نیوٹاؤن میں ڈاکوؤں نے واردات کیلئے کم سن پر بھی رحم نہ کھایا، بچہ روتا رہا لیکن لٹیرے اپنی کارروائی میں مگن رہے،

گزشتہ روز نیو ٹاؤن تھانے کی حدود سی پی برار سوسائٹی میں ایک شہری سے واردات کے دوران مسلح موٹر سائیکل سواروں نے موبائل، پیسے اور موٹرسائیکل بھی چھین لی،رپورٹ کے مطابق شہری اپنے بچے کے ساتھ موٹر سائیکل پر جا رہا تھا، بچے کے ساتھ دیکھ کر ڈاکوؤں نے چلتے چلتے اسے گھیر لیا، ڈاکو شہری کو موٹر سائیکل سے اترنے کا کہتے رہے۔

واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ 2 موٹر سائیکل سوار ڈاکوؤں نے شہری کو سائیڈ دے کر خطرناک انداز میں روکا،شہری نے موٹر سائیکل پر اپنے آگے معصوم کم سن بچے کو بٹھا رکھا تھا، ڈاکوؤں نے اسے آسان شکار سمجھا اور گھیر لیا، پہلے ایک موٹر سائیکل پر سوار لٹیرے نے بڑے خطرناک انداز میں شہری کی چلتی موٹر سائیکل کو سائیڈ میں دباتے ہوئے رکوایا، اس دوران موٹر سائیکل گرنے کا اندیشہ بھی تھا جس سے بچے کو نقصان پہنچ سکتا۔

شہری کی موٹر سائیکل رکنے کے بعد دوسری موٹر سائیکل پر دو ڈاکو سوار فوراً آ کر رکے، اور شہری کو موٹر سائیکل سے اترنے کا کہتے رہے، لیکن شہری نے تھوڑی سی مزاحمت کی جس پر ڈاکوؤں نے اسے سر عام تشدد کا نشانہ بنایا۔

فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ لٹیرے موٹر سائیکل سوار شہری کو تھپڑ مار رہے ہیں، انھوں نے شہری کی جیب سے موبائل فون اور پرس بھی نکال لیا، جب کہ واردات کے دوران معصوم بچہ روتا رہا،خود کو بے بس پا کر شہری کو بچہ گود میں لے کر اترنا پڑا اور موٹر سائیکل لٹیروں کے حوالے کر دی، جس کے بعد تینوں ایک ایک موٹر سائیکل پر بیٹھ کر فرار ہو گئے۔

The post کراچی:موٹر سائیکل چوری کی بے رحمانہ واردات، کم سن کی جان خطرے میں ڈال دی appeared first on Siasat.pk Urdu News – Latest Pakistani News around the clock.

%d bloggers like this: