گارڈ کے ہاتھوں قتل ہونے والا بینک مینیجر کبھی توہین رسالت کا مرتکب نہیں ہوا

گارڈ کے ہاتھوں قتل ہونے والا بینک منیجر کبھی توہین رسالت کا مرتکب نہیں ہوا

گارڈ کے ہاتھوں قتل ہونے والا بینک منیجر کبھی توہین رسالت کا مرتکب نہیں ہوا

خوشاب میں گارڈ کے ہاتھوں توہین رسالتﷺ کے الزام پر قتل ہونے والے بینک منیجر عمران حنیف کو علماء کمیٹی نے مشترکہ طور پر بے گناہ قرار دیدیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق خوشاب کے علاقے قائد آباد میں قتل ہونے والے بینک منیجرعمران حنیف پر الزام لگایا گیا تھا کہ وہ توہین رسالت ﷺ کا مرتکب ہوا ہے، جس کی تحقیقات کیلئے قائد آباد کے تمام مکاتب فکر پر مشتمل ایک مذہبی کمیٹی قائم کی گئی تاکہ تعین کیا جاسکے کہ عمران حنیف کبھی توہین رسالت کا مرتکب ہوا یا اس کا قتل ذاتی دشمنی کا نتیجہ ہے۔

مسلک بریلوی اور دیو بند کے اراکین پر مشتمل کمیٹی نے ڈویژنل اور ڈسٹرکٹ امن کمیٹی کے اراکین کو بھی اپنی معاونت کیلئے کمیٹی میں شامل کیا اور کمیٹی نے بینک کے تمام ملازمین سے عمران حنیف کے کردار اور مذہبی خیالات سے متعلق فرداََ فرداََ معلومات حاصل کی۔

کمیٹی نے تحقیقات کے بعد اپنے فیصلے میں عمران حنیف کو بے قصور قرار دیتے ہوئے لکھا کہ کمیٹی متفقہ طور پر اس نتیجے پر پہنچی ہے کہ مقتول عمران حنیف گستاخی رسول ﷺ کا مرتکب نہیں ہوا، بلکہ دوران پوچھ گچھ معلوم ہوا کہ عمران حنیف سچا عاشق رسول ﷺ تھا۔

کمیٹی نے قتل کے ملزم کو قرار واقعی سزا دلوانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ کمیٹی انتظامیہ سے مطالبہ کرتی ہے کہ معاملہ کی میرٹ پر تحقیقات کرکے ملزم کو سزا دی جائے تاکہ آئندہ کوئی بھی ایسا جھوٹا الزام لگا کر امن کو نقصان پہنچانے کی کوشش نہ کرے۔
یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے پنجاب کے شہر خوشاب میں سیکیورٹی گارڈ نے مبینہ طور پر توہین رسالت کرنے پر بینک کے برانچ مینیجر ملک عمران حنیف کو قتل کردیا، بڑی تعداد میں لوگوں نے جمع ہوکر سیکیورٹی گارڈ کے ساتھ مل کر نعرے بازی کی۔

بینک کے برانچ مینیجر ملک عمران حنیف کے ماموں کا کہنا تھا کہ میرے بھانجے کو گن مین نے ذاتی رنجش کی بنا پر فائر کیا اور یہ ثابت کرنے کی کوشش کررہا ہے کہ عمران حنیف گستاخ رسول ﷺ ہیں، میں حلفیہ کہتا ہوں کہ ہم سچے عاشق رسول ﷺ ہیں اور ہمارا قادیانیوں یا احمدیوں سے کسی قسم کا کوئی تعلق نہیں ہے۔

The post گارڈ کے ہاتھوں قتل ہونے والا بینک مینیجر کبھی توہین رسالت کا مرتکب نہیں ہوا appeared first on Siasat.pk Urdu News – Latest Pakistani News around the clock.

%d bloggers like this: