گاڑیوں کی آن لائن خرید و فروخت میں فراڈ کرنے والا گرفتار

کراچی میں وفاقی تحقیقاتی ایجنسی کے سائبر کرائم ونگ نے آن لائن گاڑیوں کی خرید و فروخت میں فراڈ کرنے والے جعلساز کو گرفتار کرلیا ہے۔

سوشل میڈیا کے ذریعے کاروبار کو جیسے جیسےفروغ مل رہا ہے ویسے ہی جعل ساز او ر فراڈ کرنے والوں نے بھی آن لائن فراڈ اور لوگوں کو ٹھگنااور غیر معمولی ڈسکاؤنٹس اور قیمتوں میں کمی کا جھانسہ دے کر سادہ لوح عوام کو بیوقوف بنانا شروع کردیا ہے۔

ایسے ہی ایک جعلساز گروہ کے مرکزی کارندے کو کراچی کے علاقے صدر سے ایف آئی اے کے سائبر کرائم ونگ نے گرفتار کیا، عدالت نے ملزم کو 5 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا ہے۔

نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے سائبر کرائم ونگ کے تفتیشی افسر کا کہنا تھا کہ ملزم پہلے بھی مختلف قسم کی وارداتوں میں ملوث رہا ہے اور جیل بھی جاچکا ہے، اس بار یہ سادہ لوح عوام کو بیوقوف بناتا تھا۔

ایڈیشنل ڈائریکٹر سائبر کرائم کے مطابق ملزم آن لائن ڈیل کرکے کسی بھی شوروم میں بلوا کر گاڑی دکھا دیا کرتا ہے،گروہ کے کارندوں نے او ایل ایکس پر باقاعدہ نیٹ ورک بنا رکھا ہے، خواتین کال سینٹر کی ایجنٹ بھی رکھی گئی ہیں تاکہ لوگوں کو آسانی سے بیوقوف بنایا جا سکے۔

انہوں نے بتایا کہ اس شخص کے گروہ میں 6 سے 7 لوگ شامل ہیں جو گاڑیوں کی فروخت کے جعلی اشتہارات سوشل میڈیا پر لگاتے اور قیمت اتنی پرکشش رکھتے کہ لوگ لالچ میں آجائیں، کسی بھی شخص کی جانب سے رابطہ کرنے پر اسے جعلی شوروم پر گاڑی کا معائنہ بھی کروایا جاتا۔

مکمل تسلی کے بعد جیسے ہی وہ شخص گاڑی کی قیمت کی ادائیگی کرتا یہ لوگ رفو چکر ہوجاتے ہیں، ملزم نے انکشاف کیا ہے کہ اس نے ایک شخص سے ہی فراڈ کرکے ایک کروڑ سے زائد کی رقم اینٹھی ہے۔

The post گاڑیوں کی آن لائن خرید و فروخت میں فراڈ کرنے والا گرفتار appeared first on Siasat.pk Urdu News – Latest Pakistani News around the clock.

%d bloggers like this: