URDUINSIGHT.COM

بھارتی ونگ کمانڈر کیخلاف خاتون افسر کے ریپ کامقدمہ درج

نئی دہلی (ڈیلی پاکستان آن لائن) بھارتی فضائیہ کی خاتون فلائنگ افسر نے اپنے سینئر ونگ کمانڈر کے خلاف جنسی زیادتی کا مقدمہ درج کروادیا۔

بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق خاتون افسر نے اپنی شکایت میں دعویٰ کیا کہ وہ دو سال سے مسلسل ہراسانی، جنسی زیادتی اور ذہنی اذیت کا شکار ہیں۔ آفیسرز میس میں نیو ایئر پارٹی کے دوران سینئر نے تحفہ دینے کے بہانے اپنے کمرے میں لے جا کر جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا۔

خاتون افسر نے کہا کہ اس معاملے کو رپورٹ کرنے میں پہلے بھی انہیں حوصلہ شکنی کا سامنا کرنا پڑا۔ تاہم دیگر خواتین افسران کی رہنمائی کے بعد ہی انہوں نے شکایت درج کروائی۔

خاتون افسر کا مزید کہنا تھا کہ تحقیقات کے دوران سینئر افسر کو بچانے کی کوششیں کی گئیں اور کئی درخواستوں کے باوجود انہیں ذہنی طور پر مسلسل ہراساں کیا جا رہا ہے۔ اس کیس میں انصاف نہ ملنے اور انتظامیہ کے جانب سے مسلسل ہراسانی نے انہیں انتہائی قدم اٹھانے سے متعلق سوچنے پر بھی مجبور کردیا ہے۔

واضح رہے کہ یہ کیس بھارت میں بڑھتے ہوئے جنسی جرائم اور خواتین کے ساتھ زیادتی کے بڑھتے واقعات کی ایک اور کڑی ہے جہاں آئے روز خواتین جنسی ہراسانی اور زیادتی کا شکار ہو رہی ہیں۔

Facebook
Telegram
WhatsApp
Print