پشاور(ڈیلی پاکستان آن لائن) بانی پی ٹی آئی عمران خان کی جانب سے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کی حمایت میں سامنے آنے کے بعد ناراض رہنماؤں نے خاموشی اختیار کر لی۔
نجی ٹی وی چینل جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے ناراض رہنما اور برطرف صوبائی وزیر شکیل خان نےکہا کہ سابق صدر عارف علوی نے وزیراعلیٰ کے خلاف بیان دینے سے منع کیا ہے، پارٹی پر مشکل وقت ہے اس لیے تمام اختلافات بالائے طاق رکھ دیئے ہیں۔
اس حوالے سے ذرائع کا بتانا ہے کہ جن پی ٹی آئی رہنماؤں نے وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور کے خلاف بیانات دیئے تھے ان کے خلاف بانی پی ٹی آئی کو شکایات موصول ہوئی تھیں جس کے بعد عمران خان نے عاطف خان، جنید اکبر اور شکیل خان کوبیانات دینے سے منع کر دیا تھا۔
واضح رہے تقریباً ایک ماہ قبل خیبرپختونخوا کے صوبائی وزیر کمیونیکیشن اینڈ ورکس شکیل احمد خان نے وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور پر محکمے میں مداخلت اور بیڈگورننس کے الزامات عائد کرتےہوئے اپنے عہدے سے استعفیٰ دیدیا تھا۔
شکیل خان کی کابینہ سےبرطرفی پر وزیراعلیٰ کےخلاف عاطف خان، جنیداکبر نےبیان دیا تھا جب کہ کابینہ سےبرطرفی پر خود شکیل خان نے بھی علی امین گنڈاپور کے خلاف بیانات دیے تھے۔