URDUINSIGHT.COM

طوطے کی بات

 

میں زیادہ نہیں بولتا۔اپنے ساتھی کا بھید نہیں کھولتا۔جو کچھ میرا مالک کہتا ہے میں وہی کرتا ہوں۔

ایک کسان کے گھر میں ایک چڑیا پلی ہوئی تھی۔وہ انسانوں کی بولی جانتی تھی اور جو کچھ دیکھتی تھی وہ بیان کردیتی تھی۔کسان اس کو بہت پسند کرتا تھا اور وہ بھی کسان کے گھر میں بہت خوش تھی۔ایک بار کسان کا ایک دوست اللہ بخش دوسرے گاوٴں سے اس کے ہاں آیا۔اصل میں اللہ بخش نے اپنے دشمنوں سے ڈر کر کسان کے ہاں پناہ لی تھی۔

کسان نے چڑیا کو سمجھا دیا۔”اگر کوئی پوچھے بھی کہ تمہارے ہاں کوئی مہمان آیا ہوا ہے تو اقرار مت کرنا۔“ اللہ بخش کے دشمنوں کو اندازہ تھا کہ وہ کہاں چھپ سکتا ہے، چنانچہ وہ کسان کے گھر پہنچ گئے اور چڑیا نے ان کو بتا دیا کہ، ”اللہ بخش ہمارے ہاں آیا ہوا ہے۔“

اب کیا تھا۔دشمن گھر میں گھس آئے اور اللہ بخش کو کھینچ کر لے گئے۔

کسان کو چڑیا پر بہت غصہ آیا۔

اس نے چڑیا کو مار کر گھر سے نکال دیا۔چڑیا ماری ماری پھرتی رہی۔اس کو بے وفا سمجھ کر کسی انسان نے اپنے گھر میں نہیں رکھا۔اس پریشانی میں اس کی ملاقات ایک طوطے سے ہوئی۔طوطا بھی آدمی کی بولی جانتا اور بولتا تھا۔چڑیا نے کہا کہ انسان بے وفا ہوتا ہے اور اپنی بپتا سنائی اور طوطے کو مشورہ دیا کہ وہ کسی انسان کے گھر میں نہ رہے۔طوطے نے بڑے اعتماد سے کہا،”زندگی گزارنے کے لئے عقل سے کام لینے کی ضرورت ہوتی ہے۔

میں تمہیں اسی کسان کے گھر میں رہ کر بتاوٴں گا۔“

طوطا کسان کے گھر پہنچا۔کسان جو اکیلارہ گیا تھا، بہت خوش ہوا اور بڑی چاہت سے طوطے کو اپنے ساتھ رکھ لیا۔دونوں آرام سے رہنے لگے۔کسان جو کہتا، طوطا اسے دہراتا لیکن جو کچھ دیکھتا، اسے منہ سے نہیں نکالتا۔ایک دن طوطے کو چڑیا ملی تو اس نے طوطے سے حال احوال پوچھا۔طوطا بولا، ”اللہ کا شکر ہے، بڑے آرام سے گزر رہی ہے۔

چڑیا نے حیرت کا اظہار کیا تو طوطے نے اس کو سمجھایا۔”میں زیادہ نہیں بولتا۔اپنے ساتھی کا بھید نہیں کھولتا۔جو کچھ میرا مالک کہتا ہے میں وہی کرتا ہوں۔“ چڑیا نے کہا،”ابھی کتنے دن گزرے ہیں۔ابھی تو تمہاری آوٴ بھگت ہو رہی ہے، دیکھنا ایک دن کسان تمہیں نکال باہر کرے گا۔“ طوطے نے چڑیا کو سمجھایا، ”میں اس کو تکلیف نہیں پہنچاوٴں گا تو وہ مجھے عمر بھر نہیں نکالے گا۔میں اس کے خلاف نہیں بولتا۔ہمدردی کرو گے تو ہمدردی ملے گی۔“ اب چڑیا کی سمجھ میں طوطے کی بات آ گئی اور اس کو اپنی غلطی کا احساس ہوگیا۔واقعی طوطا اور کسان زندگی بھر ساتھ رہے۔

Facebook
Telegram
WhatsApp
Print

URDUINSIGHT.COM

خبروں اور حالات حاضرہ سے متعلق پاکستان کی سب سے زیادہ وزٹ کی جانے والی ویب سائٹ ہے۔ اس ویب سائٹ پر شائع شدہ تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں۔