URDUINSIGHT.COM

پاکستان نے انگلینڈ کو تیسرے ٹیسٹ میں شکست دے کر سیریز جیت لی

راولپنڈی  )پاکستان نے انگلینڈ کو تیسرے اور آخری ٹیسٹ میچ میں 9 وکٹوں سے شکست دیتے ہوئے سیریز 2-1 سے جیت لی ہے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان نے انگلینڈ کی جانب سے دیا گیا 36 رنز کا ہدف ایک وکٹ کے نقصان پر عبور کر لیا ۔

پاکستانی سپنرز نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے انگلینڈ کی پوری ٹیم کو 112رنز پر پولین بھیجاجس کے بعد قومی ٹیم کو سیریز جیتنے کیلئے 36رنز کا ہدف درکار تھا۔

انگلینڈ نے پاکستان کی جانب سے بنائے گئے 344 رنز جواب میں زیک کرولی اور بین ڈکٹ نے میدان میں اتر کر کھیل کا آغاز کیا لیکن پاکستانی سپنرز نے میچ کے آغاز میں ہی اپنا جادو دکھایا اور محض 15 رنز کے مجموعے پر دونوں اوپننگ بیٹسمین پولین پہنچا دیئے ۔ تیسرے نمبر پر آنے والے اولی پو ایک سکور بنا کر نعمان علی کا نشانہ بنے جبکہ جوئے روٹ 33 رنز بنانے میں کامیاب ہوئے ۔

ان کے علاوہ ہیری بروک 26 ، بین سٹوکس 3 ، جیمی سمتھ 3 اور اٹکنسن 10 سکور بنا کر کوپولین لوٹ گئے ۔

پاکستان کی جانب سے نعمان علی 18.2اوورز میں 42رنز دیتے ہوئے 6کھلاڑیوں کو پولین پہنچایا جبکہ ساجد خان نے 18اوورز میں 69رنز دیتے ہوئے 4وکٹیں حاصل کیں اور قومی ٹیم کی جیت کو یقینی بنانے میں اہم کردار ادا کیا ۔

اس سے قبل پاکستان کی پوری ٹیم انگلینڈ کے 267 رنز کے جواب میں 344 رنز بنا کر آوٹ ہو گئی اور 77 رنز کی برتری حاصل کرنے میں کامیاب ہوئی جس میں سعود شکیل کی سینچری نے سب سے اہم کردار ادا کیا اور ٹیم کو جیت کی پوزیشن میں لاکھڑا کیا ۔سعود شکیل نے 5 چوکوں کی مدد سے 134 رنز بنائے جبکہ نعمان علی اور ساجد خان نے گیند بازی کے بعد بلے بازی میں بھی کارکردگی دکھا کر تمام ناقدین کے منہ بند کروا دیئے ۔ نعمان علی 45 رنز بنانے میں کامیاب ہوئے جبکہ ساجد خان 48 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے ۔ کپتان شان مسعود 26 رنز بنا کر آوٹ ہوئے ۔

یاد رہے کہ انگلینڈ نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور پوری ٹیم 267 رنز بنا کر آوٹ ہو گئی جس میں پاکستان کی جانب سے سپنرز نے سب سے اہم کردار ادا کیا ۔ انگلینڈ کے جیمی سمتھ 89 رنز بنا کر ٹاپ سکورر رہے جبکہ بین ڈکٹ 52 رنز بنا کر نمایاں رہے ۔ ان کے علاوہ اٹکنسن نے 39، زیک کرولی نے 29 اور جیک لیچ نے 16 رنز کی اننگ کھیلی ۔

پاکستان کی جانب سے ساجد خان نے 29.2 اوورز میں 128 رنز دیتے ہوئے 6 وکٹیں حاصل کیں جبکہ نعمان علی نے 28 اوورز میں 88 رنز دیتے ہوئے 3 کھلاڑیوں کو پولین پہنچایا ۔ ان کے علاوہ زاہد محمود نے ایک وکٹ حاصل کی ۔

Facebook
Telegram
WhatsApp
Print

URDUINSIGHT.COM

خبروں اور حالات حاضرہ سے متعلق پاکستان کی سب سے زیادہ وزٹ کی جانے والی ویب سائٹ ہے۔ اس ویب سائٹ پر شائع شدہ تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں۔