لاہور) پنجاب میں فضائی آلودگی (سموگ) نے خطرے کی گھنٹی بجا دی۔
نجی ٹی وی چینل دنیا نیوز کے مطابق آلودگی کے اعتبار سے لاہور دنیا بھر میں دوسرے نمبر پر ہے، شہر میں سموگ کی اوسط شرح 235 ریکارڈ کی گئی ہے۔
صوبائی دارالحکومت کے علاقے جوہر ٹاؤن کا ایئر کوالٹی انڈیکس 410، سید مراتب علی روڈ کا اے کیو آئی 276 جبکہ ڈی ایچ اے کے علاقے کا ایئر کوالٹی انڈیکس 260 ریکارڈ کیا گیا ہے۔بڑھتی ہوئی فضائی آلودگی کے باعث گلے، سانس لینے میں دشواری اور آنکھوں میں جلن جیسی بیماریاں بڑھنے لگی۔
طبی ماہرین نے شہریوں کو ماسک پہن کر باہر نکلنے کی ہدایت کی اور کہا کہ گھروں سے باہر نکلتے ہوئے ایئر کوالٹی انڈیکس کو چیک کریں، گھروں کی کھڑکیوں اور دروازوں کو بند رکھا جائے اور غیر ضروری سفر سے اجتناب کیا جائے۔
دوسری جانب شہر لاہور کا آج کم سے کم درجہ حرارت 21 جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 33 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔
علاوہ ازیں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے سموگ کی صورتحال میں جنگی بنیادوں پر کام کرنے کے احکامات جاری کرتے ہوئے تمام محکموں کو ماحولیاتی قوانین پر سخت ترین عمل درآمد کرنے کی ہدایات کی ہیں۔