اسلام آباد (ویب ڈیسک) سوشل میڈیا پر خاتون کی طلاق پر جشن منانے کی ویڈیو وائرل ہورہی ہے جس نے تہلکہ مچا دیا ہے۔
شوہر اور بیوی کے رشتے کا ختم ہونا ان سمیت دو خاندانوں کیلئے انتہائی دردناک وقت ہوتا ہے تاہم اب بدلتے وقت کے ساتھ عجیب و غریب ٹرینڈز نے رشتوں کے جڑنے اور ختم ہونے کو بھی فیشن بنا دیا ہے۔ایسی ہی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے جس میں ایک خاتون کو اپنی طلاق کا جشن مناتے دیکھا جا سکتا ہے جبکہ اس کے ساتھ دوست احباب بھی موجود ہیں اور خوشی کا اظہار کرتے دکھائی دے رہے ہیں۔
نیلے جوڑے میں ملبوس خاتون طلاق کا جشن مناتے ہوئے کیک کاٹ رہی ہیں جس پر ’ہیپی ڈائیوورس‘ لکھا ہوا ہے۔ یہی نہیں بلکہ خاتون دوپٹے پر اپنے شوہر کا لکھا نام قینچی سے کاٹ کر ٹکڑے کرتی ہے اور شادی کی تصاویر بھی پھاڑتی دکھائی دے رہی ہے۔
سوشل میڈیا پر یہ ویڈیو آگ کی طرح پھیل رہی ہے جس پر صارفین کی جانب سے شدید غم و غصے کا اظہار کیا جارہا ہے۔