URDUINSIGHT.COM

ایمان مزاری اور شوہر کا3 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور

اسلام آباد ) کارسرکار میں مداخلت کے الزام میں گرفتار وکیل ایمان مزاری اور ان کے شوہر کا 3 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا گیا۔

اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی عدالت کے جج ابو الحسنات ذوالقرنین نے ایمان مزاری اور ان کے شوہر کے کیخلاف کارسرکار میں مداخلت کے کیس کی سماعت کی، اس موقع پر دونوں میاں بیوی کو عدالت پیش کیا گیا۔

پراسیکیوشن نے ایمان مزاری اور ان کے شوہر ہادی علی کے 30 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی جس پر جج نے استفسار کیا کہ کیس کیا ہے کس لئے ریمانڈ مانگ رہے ہیں؟

پراسیکیوٹر راجا نوید نے بتایا کہ میں مقدمہ کا متن پڑھ دیتا ہوں ٹریفک کو روکا گیا تھا انگلینڈ کی ٹیم کا روٹ تھا، انٹرنیشنل کرکٹ ٹیم کی روانگی تھی, ٹیموں کو سٹیٹ کی سکیورٹی مہیا کی جاتی ہے۔

انہوں نے دلائل دیئے کہ دونوں میاں بیوی آئے اور بیریئر ہٹانے کی کوشش کر رہے تھے، خاتون ملزمہ نے پولیس کو کہا کہ میں ایمان مزاری ہوں، روڈ تمہارے باپ کا نہیں، ابراہیم خان ٹریفک اہلکار نے بیریئرز واپس لگانے کی کوشش کی تو اس کو مرد وکیل عبدالہادی نے مارا۔

پراسیکیوٹر راجا نوید کا کہنا تھا کہ بیریئرز ہٹنے پر دو تین موٹرسائیکل روٹ توڑ کر آگے نکل گئے، مقامی پولیس کے پہنچنے پر یہ دونوں وکلاءپیچھے ہٹ گئے۔

جج نے پراسیکیوٹر سے استفسار کیا کہ یہ تو مقدمہ کا متن پڑھ رہے ہیں آپ کی درخواست کیا ہے، جس پر پراسیکیوٹر کا کہنا تھا کہ ان ملزمان نے عوام کو اشتعال دلوایا ویڈیو اور وائس میچ کرانا ضروری ہے، جس پر جج نے استفسار کیا کہ جن بندوں نے روٹ توڑا وہ نہیں پکڑے گئے، جس پر پراسیکیوٹر کا کہنا تھا کہ ان کی شناخت کی جا رہی ہے۔

وکیل عطاءاللہ کنڈی نے مو¿قف اپنایا کہ آپ کے سامنے کیسز آتے ہیں آپ بہتر جانتے ہیں کس کیس میں دہشتگردی کی دفعہ لگتی ہے، وکیل ملزمان کا کہنا تھا کہ ایمان مزاری کے کلائنٹ عدالت پیش ہونے تھے ان کو جلدی تھی، جلدی کی وجہ سے پولیس نے ایمان مزاری کو بیریئرز مارے جس کا میڈیکل موجود ہے، ایمان مزاری نے بھی کراس ورژن کی درخواست دی ہے۔

وکیل ملزمان نے کہا کہ جتنا جرم کیا ہے اتنی سزا ملنی چاہئے یہ کار سرکار میں مداخلت کا کیس بنتا ہے۔

وکیل ملزمان قیصر امام نے کہا کہ پہلے ایک نعرہ لگتا ہے دہشتگردی تو یہ لوگ کر رہے ہیں، جس بندے کے ساتھ لڑائی ہوئی ہے وہ سادہ کپڑوں میں تھا۔

وکیل قیصر امام نے مو¿قف اپنایا کہ اب سادہ کپڑوں والوں کو ہم اتنا سر پر چڑھا رہے ہیں، وکلا کے اوپر دہشت گردی کی دفعات لگا رہے ہیں جو جرم بنتا ہے وہ لگائیں، آپ 30 دن کا ریمانڈ کیوں مانگ رہے ہیں۔

پراسیکیوٹر نے دلائل دیئے کہ ہم نے تفتیش کرنی ہے سٹیٹ گیسٹ تھے ان کی سکیورٹی ہماری ذمہ داری ہے، سری لنکن ٹیم پر حملہ ہوا، پولیس اہلکار شہید ہوئے سری لنکن کھلاڑی زخمی ہوئے، ٹریفک اپڈیٹس آتی ہیں پہلے انفارم کیا تھا انگلینڈ کی ٹیم سٹیٹ گیسٹ ہے۔

وکیل قیصر امام نے مو¿قف اپنایا کہ انگلینڈ کی ٹیم آئی ہے، اس بات کا دکھ ہے ان تک بھی یہ بات پہنچ گئی ہے، انگلینڈ کی ٹیم کو اس بات پر دکھ ضرور ہوا ہو گا کہ ہماری وجہ سے پورا شہر جام کر دیا۔

وکیل قیصر امام کا کہنا تھا کہ پولیس نے سوشل میڈیا اکاو¿نٹ پر ایک ویڈیو بھی لگا دی اب کیا تفتیش کرنی ہے، مدعی کہہ رہا ہے ہم بھی یہی کہہ رہے ہیں انہوں نے یہ کیا لیکن جرم کیا ہوا ہے۔

پراسیکیوٹر نے دلائل دیئے کہ ویڈیو جو لگی ہے، اس کا فرانزک کرانا ہے،فوٹو گرامیٹک ٹیسٹ بھی کرانا ہے۔

انسداد دہشت گردی عدالت نے ایمان مزاری اور ہادی علی کے جسمانی ریمانڈ پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔

بعد ازاں عدالت نے محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے ایمان مزاری اور ہادی علی کا 3 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرتے ہوئے ملزمان کو پولیس کے حوالے کردیا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی آبپارہ پولیس نے کار سرکار میں مداخلت کے الزام میں معروف وکیل اور سماجی کارکن ایمان مزاری کو شوہر سمیت گرفتار کر لیا تھا۔

چند دن قبل ایمان مزاری اور ان کے شوہر کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی جس میں دیکھا گیا کہ پاکستان کے دورے پر آئی انگلینڈ کی ٹیم کے لئے راستے بند کئے جانے پر ان کی ٹریفک پولیس اہلکاروں سے تکرار ہوئی تھی۔

پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان ٹیسٹ سیریز کا تیسرا میچ راولپنڈی میں کھیلا گیا تھا اور ٹیم کے سٹیڈیم آنے اور وہاں سے واپس ہوٹل جاتے ہوئے مخصوص راستے کچھ دیر کے لئے بند کئے گئے تھے۔

جمعہ کو بھی انگلش ٹیم کی سٹیڈیم روانگی کے موقع پر اسلام آباد کی زیرو پوائنٹ انٹرچینج پر راستے بند کئے گئے تھے اور اسی موقع پر راستے بند کئے جانے پر ایمان مزاری اور ان کے شوہر کی ٹریفک پولیس اہلکاروں سے تلخ کلامی ہوئی تھی اور انہیں سڑکوں پر لگی رکاوٹیں ہٹاتے ہوئے بھی دیکھا گیا تھا۔

اسلام آباد پولیس نے واقعے کے بعد بیان میں کہا تھا کہ اس جوڑے نے سرکاری مہمانوں کی حفاظت کے لئے کئے گئے ایس او پیز کی خلاف ورزی کی اور ان کے خلاف کار سرکار میں مداخلت اور سرکاری مہمانوں کی سکیورٹی میں افراتفری پھیلانے پر مقدمہ درج کیا جائے گا۔

Facebook
Telegram
WhatsApp
Print

URDUINSIGHT.COM

خبروں اور حالات حاضرہ سے متعلق پاکستان کی سب سے زیادہ وزٹ کی جانے والی ویب سائٹ ہے۔ اس ویب سائٹ پر شائع شدہ تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں۔