اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن) قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کا ملٹری ٹرائل نہیں ہو گا۔
نجی ٹی وی چینل ہم نیوز کے مطابق انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت میں پیشی کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے عمر ایوب نے کہا کہ حکومت جن لوگوں کے ملٹری ٹرائل کر رہی ہے وہ سب سیاسی قیدی ہیں، تحریک انصاف 9 مئی کے واقعات میں ملوث نہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے اختر مینگل سے کہا ہے کہ وہ اپنا استعفیٰ واپس لے لیں، اختر مینگل نے کہا کہ بلوچستان آگ میں جل رہا ہے کسی کو فکر نہیں، لوگوں کی آنکھیں نکال کر انہیں عبرت کا نشان بنایا جا رہا ہے۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ اپوزیشن جماعتیں ملک اور جمہوریت کی بقا کی جنگ لڑ رہے ہیں چینی اور گندم سکینڈل میں براہ راست محسن نقوی ملوث ہیں۔ مہنگائی اور کرپشن اپنے عروج پر ہے حکومت کا کوئی مستقبل نہیں۔