URDUINSIGHT.COM

حسن نصراللہ بالکل صحت مند ہیں، اسرائیلی حملے کے بعد ایرانی میڈیا کا دعویٰ

تہران  )لبنانی مزاحمتی تنظیم حزب اللہ کے سربراہ حسن نصراللہ سے متعلق ایرانی میڈیا کا بڑا دعویٰ سامنے آگیا ہے۔

ایرانی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ حزب اللہ کے سیکرٹری جنرل سید حسن نصراللہ اور تحریک کی ایگزیکٹو کونسل کے سربراہ سید ہاشم صفی الدین بالکل صحت مند ہیں،اسرائیلی حملے سے انہیں کوئی نقصان نہیں ہوا۔

ایرانی میڈیا نے لبنان میں اپنے نمائندے کے ذرائع کی بنیاد پر دعویٰ کیا کہ جمعے کی شام کئے گئے اسرائیلی حملے میں حزب اللہ کی قیادت کا کوئی بھی شخص شہید نہیں ہوا، اسرائیل اپنے مذموم مقاصد میں ناکام رہا۔

حزب اللہ کی جانب سے تاحال اس بارے میں کوئی تصدیق یا تردید نہیں کی گئی ہے۔

اس سے پہلے یہ اطلاعات سامنے آئی تھیں کہ بیروت کے جنوبی علاقے داہیہ میں اسرائیلی طیاروں نے سید حسن نصراللہ اور صفی الدین کو نشانہ بنایا ہے، اسرائیل کے جنگی طیاروں نے 15 میزائل فائر کئے تھے جن سے 6 عمارتیں ملبے کا ڈھیر بن گئی تھیں۔لبنانی میڈیا نے ابتدائی طورپر 2 افراد جاں بحق اور 76 زخمی ہونے کی تصدیق کی تھی۔

اسرائیلی میڈیا کے حوالے سے دعویٰ کیا گیا تھا کہ حملے سے کچھ دیر پہلے اسرائیل نے امریکا کو آگاہ کردیا تھا تاہم امریکی صدر بائیڈن نے کہاکہ امریکا کو بیروت حملے کا کوئی علم نہیں تھا، امریکا کی بیروت حملے میں کوئی شراکت بھی نہیں تھی۔

Facebook
Telegram
WhatsApp
Print

URDUINSIGHT.COM

خبروں اور حالات حاضرہ سے متعلق پاکستان کی سب سے زیادہ وزٹ کی جانے والی ویب سائٹ ہے۔ اس ویب سائٹ پر شائع شدہ تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں۔