URDUINSIGHT.COM

علی امین گنڈاپور کی گرفتاری کی خبریں بے بنیاد افواہیں ہیں، ذرائع وزارت داخلہ

اسلام آباد  )وزارت داخلہ کے ذرائع نے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور سے متعلق گرفتاری اور حراست میں لئے جانے کی خبروں کو بے بنیاد افواہیں قرار دیا ہے۔

روز نامہ جنگ نے ذرائع وزارت داخلہ کے حوالے سے بتایا کہ علی امین گنڈاپور کو نہ تو گرفتار کیا گیا ہے اور نہ ہی حراست میں لیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کی اسلام آباد میں گرفتاری سے متعلق پھیلائی جانے والی خبریں من گھڑت اور بے بنیاد ہیں۔
ذرائع وزارت داخلہ کے مطابق سکیورٹی فورسز کی طرف سے گولی چلانے کی خبریں بالکل بے بنیاد اور گمراہ کن ہیں۔

ذرائع کے مطابق پولیس کی جانب سے فائرنگ کئے جانے کا پی ٹی آئی کا پراپیگنڈا بے بنیاد ہے، پشاور سے لے کر اسلام آباد تک کہیں بھی کسی قسم کی کوئی فائرنگ نہیں کی گئی۔

ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ رینجرز کی طرف سے کے پی کے ہاوس کو حصار میں لینے کی خبریں بے بنیاد ہیں، آرٹیکل 245 کے تحت کل رات سے سکیورٹی فورسز اسلام آباد اور گرد و نواح میں تعینات ہیں۔ پاک فوج اور قانون نافذ کرنے والے ادارے مکمل مستعدی سے فرائض سرانجام دے رہے ہیں، چند عناصر مذموم سیاسی مقاصد کیلئے سکیورٹی فورسز سے متعلق جھوٹی خبریں پھیلا رہے ہیں۔

اس سے قبل وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کو حراست میں لئے جانے کی متضاد اطلاعات سامنے آئی تھیں، سرکاری ذرائع گرفتاری کی خبر کو غلط قرار دیتے رہے ہیں۔

دوسری طرف پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری خیبر پختونخوا اسلام آباد پہنچی تو اپوزیشن لیڈر عمر ایوب اور صوبائی مشیر اطلاعات بیرسٹر سیف نے علی امین گنڈاپور کی گرفتاری کا دعویٰ کیا تھا۔

Facebook
Telegram
WhatsApp
Print

URDUINSIGHT.COM

خبروں اور حالات حاضرہ سے متعلق پاکستان کی سب سے زیادہ وزٹ کی جانے والی ویب سائٹ ہے۔ اس ویب سائٹ پر شائع شدہ تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں۔